لاہور کے تمام اسٹورز، بیکریوں اور ہوٹلوں پر پولی تھین بیگز پر پابندی عائد

اپ ڈیٹ 06 مارچ 2020 10:41am
فائل فوٹو

لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے تمام اسٹورز، بیکریوں اور ہوٹلوں پر پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق کی درخواست پر سماعت کی،محکمہ ماحولیات کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کروا دیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل  ابوذر سلمان نیازی نے مؤقف اختیار کیا کہ شہر میں کچھ ہوٹلز تاحال پولی تھین بیگز کا استعمال کر رہے ہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ اب لاہور کے تمام چھوٹے بڑے سٹورز پر پولی تھین بیگز کے استعمال پر 2 ہفتوں میں پابندی عائد کی جائے۔

مشروب ساز کمپنی کے وکیل سلمان اکرم راجہ سے مکالمہ کرتے ہوئے جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پیٹ بوتل کا استعمال کم ہو رہا ہے، آئندہ سماعت پر بتائیں کتنی دیر میں پلاسٹک بوتلوں کا استعمال ختم کریں گے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا کہ اگلے مرحلے میں پنجاب کے دوسرے شہروں میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی سے متعلق حکم جاری کریں گے۔