صدرمملکت،وزیراعظم کاڈی آئی خان میں کامیاب کارروائی پرفورسزکو خراج تحسین
فائل فوٹواسلام آباد:صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے ڈی آئی خان میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدرمملکت عارف علوی نے ٹانک میں دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے پر کرنل مجیب الرحمان کو خراج تحسین پیش کیا اور شہید کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دے کر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا ہے،پوری قوم اس ناسور کے خلاف جنگ میں متحد اور پر عزم ہے۔
وزیراعظم نے بھی دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
عمران خان نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی معترف ہے،سیکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیوں کے باعث دہشتگردی کا خاتمہ ہوا اور امن کی شمع روشن ہوئی ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنانا ہمارے بہادر مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے،کرنل مجیب الرحمان شہید کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے ہم وطنوں کا کل محفوظ بنانے کیلئے اپنا آج قربان کر دیا، ہمارے شہداءہمارا فخر ہیں ، پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے بھی ڈی آئی خان میں دہشتگرد حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔