اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا ایف 16طیارہ گرکر تباہ،پائلٹ شہید

شائع 11 مارچ 2020 11:10am
فائل فوٹو

اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب  پاک فضائیہ کا ایف 16طیارہ گرکرتباہ ہوگیا،حادثے میں  پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہو گئے ۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایف 16طیارہ 23مارچ یوم پاکستان پریڈ کیلئے ریہرسل کررہا تھا کہ اس دوران طیارہ شکر پڑیاں کے قریب غیرآباد علاقے میں گرکر تباہ ہوگیا ۔

حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی،جائے حادثہ سے آگ کے شعلے اور دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیئے، ضلع انتظامیہ، امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز کے حکام فوری موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔

 ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق حادثے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہوگئے ، حادثے کی تحقیقات کیلئے ایئرہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کاپاک فضائیہ کا طیارہ گرنے کے واقعے پر اظہارافسوس

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے طیارے حادثے میں شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اورتعزیت  کا اظہار کیا ہے۔

قومی اسمبلی میں شہید پائلٹ کیلئے دعائے مغفرت

دوسری جانب قومی اسمبلی میں شہید پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم کیلئے دعائے مغفرت بھی کرائی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایف 16 تیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے جس میں ایک پائلٹ شہید ہوا، شہید پائلٹ نعمان اکرم کیلئے دعا کی جائے۔