نااہلی کیس :راجہ بشارت کو آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2020 09:57am
فائل فوٹو

اسلام آباد:الیکشن کمیشن  نے وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کو  نااہلی کیس میں بحث مکمل کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ 

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت ممبر الیکشن کمیشن پنجاب جسٹس (ر) الطاف ابراہیم کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی،  درخواست گزار سیمل وحید کی جانب سے جواب جمع کرا دیا گیا۔

 راجہ بشارت کے وکیل نوید اختر نے جواب کا جائزہ لینے کیلئے مزید وقت کی استدعا کی تو ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آج تو آپ کو بحث کرنے کیلئے بلایا تھا آپ پھر التوا ءمانگ رہے ہیں،بحث مکمل کرنے کا آخری موقع دے رہے ہیں،آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کریں۔ کیس کی سماعت 24 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی محمد اسلم خان کی نا اہلی سے متعلق درخواست درخواست گزار کی عدم پیری پر خارج کر دی۔

 ممبر الیکشن کمیشن الطاف ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ ایسی روایت کو فروغ نہیں دینا چاہتے کہ بغیر ثبوت کسی کے خلاف بھی نا اہلی کی درخواست دائر کر دی جائے۔