Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

ایران کی ٹرمپ، پومپیو اور دوسرے امریکی اعلیٰ عہدے داروں پر پابندیاں عائد

ایران کی وزارتِ خارجہ نے امریکا کے سبکدوش ہونے والے صدر ڈونلڈ...
شائع 20 جنوری 2021 09:30am

ایران کی وزارتِ خارجہ نے امریکا کے سبکدوش ہونے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، وزیرخارجہ مائیک پومپیو اور متعدد موجودہ اور سابق اعلیٰ امریکی عہدے داروں کے خلاف پابندیاں عائد کردی ہیں۔

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق صدر ٹرمپ اور پومپیو کے علاوہ قائم مقام وزیر دفاع کرسٹوفرملر، وزیرخزانہ اسٹیفن نوشین، سی آئی اے کی ڈائریکٹر جینا ہاسپیل، امریکا کے خصوصی ایلچی برائے ایران اور وینزویلا ایلیٹ ابرامس، دفتر برائے غیرملکی اثاثہ کنٹرول کی سربراہ آندریا گاکی، صدر ٹرمپ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن، امریکا کے سابق ایلچی برائے ایران برائن ہُک اور سابق وزیر دفاع مارک ایسپر پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

ایران نے ان تمام اعلیٰ امریکی عہدے داروں پر سپاہِ پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی اور جوہری سائنس دان محسن فخری زادہ کی ہلاکت اور ایران کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کی معاونت کے الزام میں پابندیاں عائد کی ہیں۔

ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی ایسنا نے وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکا کی اسلامی جمہوریہ کے خلاف پابندیوں کے ردعمل میں صدر ٹرمپ اور ان کے حواریوں کے خلاف قدغنیں عائد کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ایران نے گذشتہ ماہ یمن میں متعیّن امریکی سفیر کو بلیک لسٹ کردیا تھا جبکہ اس سے پہلے امریکا نے ایران کے یمن میں حوثی ملیشیا کے لیے خصوصی ایلچی پر دہشت گردی کی معاونت کے الزام میں پابندیاں عائد کی تھیں۔

امریکا کے سبکدوش ہونے والے صدرٹرمپ کی انتظامیہ کی ایران کے ساتھ سخت کشیدگی رہی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی 2018ء میں ایران سے طے شدہ جوہری سمجھوتے سے یک طرفہ طور پر دستبردار ہونے کا اعلان کردیا تھا اور اس کے خلاف دباؤ برقرار رکھنے کی مہم کے تحت سخت پابندیاں عائد کردی تھیں۔

امریکا کے منتخب صدرجوبائیڈن یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر ایران جوہری سمجھوتے کی شرائط کی پاسداری کا عزم کرے تو ان کی انتظامیہ ایک مرتبہ پھر اس کا حصہ بن جائے گی جبکہ ایران امریکا سے اس ضمن میں کسی قسم کی پیش رفت سے قبل تمام اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔

Donald Trump

Hassan Rouhani

Iran

U.S

Nuclear Deal

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div