Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا

تحریک انصاف کے 9 مستعفی ارکان قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب 25 ستمبر کو ہوگا، الیکشن کمیشن
اپ ڈیٹ 05 اگست 2022 03:53pm
کاغذات نامزدگی 10 اگست سے 13 اگست تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
کاغذات نامزدگی 10 اگست سے 13 اگست تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے 9 مستعفی ارکان قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب 25 ستمبر کو ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 10 اگست سے 13 اگست تک جمع کرائے جا سکتے ہیں جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی۔

الیکشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر کراچی، این اے 239 کورنگی اور این اے 246 کراچی ساؤتھ میں ہوں گے۔

یہ تمام نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اراکین کے استعفوں کے بعد خالی ہوئی تھیں ۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے11 ارکانِ قومی اسمبلی کے استعفے منظور

خیال رہے الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے 11 اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کر کے نشستوں کو خالی قرار دیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے خالی قرار دی گئی 11 نشستوں میں قومی اسمبلی کی 9 جنرل اور 2 خواتین کی مخصوص نشستیں شامل تھیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے 11 اراکین کے استعفے منظور کر کے الیکشن کمیشن کو بھیجے تھے۔

ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے استعفے آئین پاکستان کی آرٹیکل 64 کی شق (1) کے تحت منظور کیے۔ ممبران قومی اسمبلی نے 11 اپریل 2022 کو نشستوں سے استعفے دیئے تھے۔

جن اراکین اسمبلی کے استعفے منظور ہوئے ان میں علی محمد خان، فضل محمدخان، شوکت علی، فخرزمان خان، فرخ حبیب ، اعجازشاہ، جمیل احمد خان، اکرم چیمہ، عبدل الشکور، شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار شامل تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے تعلق رکھنے والے 3 اراکین کے بھی استعفی منظور کئے گئے جن میں بلاول بھٹو زرداری کو لیاری سے شکست دینے والے عبدالشکور شاد، حکیم بلوچ کو ملیر کراچی این اے 237 سے شکست دینے والے جمیل احمد خان اور کورنگی کراچی این اے 239 سے محمد اکرم چیمہ شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی خالی مخصوص نشست پر نامزدگیاں طلب

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی خالی مخصوص نشست پر نامزدگیاں طلب کرلیں۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے خالی نشست کیلئے نام مانگ لیے، کاغذات نامزدگی 10سے 13اگست تک جمع کروائے جا سکتے ہیں،امیدواروں کی حتمی فہرست 29 اگست تک جاری کی جائے گی۔

یاد رہے کہ یہ نشست پی ٹی آئی کی شاندانہ گلزار کا استعفی منظور ہونے پر خالی ہوئی تھی۔

ECP

اسلام آباد

National Assembly

Election commission of Pakistan

by-election

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div