جیکولین فرنینڈس کو ایک بار پھر مشکلات کا سامنا

جیکولین فرنینڈس کو سکیش چندر کےبھتہ خور ہونے کا علم تھا، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ
اپ ڈیٹ 18 اگست 2022 09:18am

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ آف انڈیا نے بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو منی لانڈرنگ کے الزام میں نامزد کر دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سکیش چندرا شیکھر کے خلاف 200 کروڑ بھارتی روپے کے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو نامزد کیا ہے اور اس حوالے سے نئی دلی کی عدالت میں مقدمے کی ایک سپلیمنڑی چارج شیٹ بھی جمع کروائی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ اداکارہ کو معلوم تھا کہ انہیں جو رقم یا تحائف سکیش چندرا شیکھر کی جانب سے دی گئی ہے اس سے متعلق کیس چل رہا ہے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سکیش چندرا شیکھر نے اپنی قریبی ساتھی پنکی ایرانی کے ذریعے جیکولین فرنینڈس کو 5 کروڑ 71 لاکھ بھارتی روپے کے تحائف پیش کیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سکیش چندرا شیکھر نے سری لنکن نژاد بالی ووڈ اداکارہ کو تحائف میں گھر، قیمتی کار، برانڈڈ بیگ اور دیگر اشیا دیں۔

اس سے قبل جیکولین فرنینڈس بھی اعتراف کرچکی ہیں کہ انھیں سکیش چندرا شیکھر نے ڈیڑھ لاکھ ڈالر کا قرض، 52 لاکھ بھارتی روپے کا گھوڑا اور 9 لاکھ بھارتی روپے کی بلی تحفے میں دی تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ آف انڈیا نے بھارتی اداکارہ کے 7 کروڑ روپے کے اثاثوں کے حوالے سے بھی ان سے پوچھ گچھ کی تھی۔