سيلاب کی تباہی کو حکومتی سطح پر اکیلے حل نہیں کر سکتے: عبدالقادر پٹیل

بلوچستان کو 30 ہزار سے زائد ويکسين فراہم کى جا چکى ہے۔
شائع 23 اگست 2022 02:55pm
وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل(فوٹو: فائل)
وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل(فوٹو: فائل)

وفاقى وزير عبدالقادر پٹيل کا کہنا ہے کہ سيلاب کى تباہی کو حکومتی سطح پر اکیلے حل نہیں کر سکتے، نیشنل ایمرجنسی پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے، سیاست چھوڑیں سیلاب زدگان کہ مدد کریں، بلوچستان امداد کے لئے ادويات بھيجى جا رہى ہيں۔

اسلام آباد میں پريس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ سيلاب سے تباہ کاريوں کے باعث وزارت صحت خدمات سرانجام دے رہى ہے، بلوچستان کو 30 ہزار سے زائد ويکسين فراہم کى جا چکى ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کوڈيڑھ کروڑ کى مزيد ادويات اور 14 لاکھ تک ميڈيکٹڈ مچھردانياں مزيد فراہم کى جائيں گى۔

ان کا کہنا تھا کہ سانپ کاٹنے کى ويکسين وافر مقدار میں موجود ہے، اگلے دو سے تين روز میں سندھ کا دورہ میں کروں گا، نيشنل ايمرجنسى میں سياست کا کيا تعلق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب نے راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے لیے طبعی امداد مانگی ہے ،خیبرپختونخوا کی طرف سے تاحال کوئی امداد طلب نہیں کی گئی۔