بارش برسانے والا ایک اور سسٹم سندھ میں داخل، تیز بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اس وقت شہر میں 12 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
اپ ڈیٹ 23 اگست 2022 08:31pm

بارش برسانے والا ایک اور سسٹم سندھ میں داخل ہو گیا۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل رات سے کراچی میں بارش کا امکان ہے، 25 اگست کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا مطلع ابر آلود رہے گا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے دن میں حبس رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اس وقت شہر میں 12 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

لاڑکانہ، سکھر اور حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ایک روز کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوگئی ہے، بارش سے معمولات زندگی سمیت مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی، اموات کی تعداد 234 ہوگئی

سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی کا سلسلہ تھم نہ سکا، مختلف حادثات اور واقعات میں اموات کی تعداد 234 ہوگئی۔

این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے اور چھت گرنے سمیت مختلف حادثات اور واقعات میں اب تک 231 سے زائد افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔

بارشوں کے باعث سب سے زیادہ اموات خیرپور میں 70سے زائد ہوئیں، اس کے علاوہ بدین میں 17، سانگھڑ اور ٹھٹھہ میں 11،11، کندھ کوٹ اور سکھر میں 7،7،جامشورو میں 6 اورٹنڈو محمد خان میں 3افراد جان سے گئے۔