Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

توشہ خانہ نااہلی ریفرنس: عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرادیا

اگر آپ الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کر رہے ہیں تو الگ درخواست دائر کریں، الیکشن کمیشن
شائع 07 ستمبر 2022 12:30pm
وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کمیشن کے دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھایا۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کمیشن کے دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھایا۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

توشہ خانہ نا اہلی ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن میں اپنا جواب جمع کرادیا، وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کمیشن کے دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھایا تو چیف الیکشن کمشنر نے الگ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت 5رکنی کمیشن نےعمران خان کیخلاف توشہ خانہ نا اہلی ریفرنس کی سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرا دیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کو سماعت سے قبل جواب دینے کی ہدایت کی تھی۔

جس پر وکیل بیرسٹر علی ظفر نے التوا پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے ریفرنس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن یہ معاملہ دیکھ رہا ہے، آرٹیکل 63(2) کی بنیاد پر ریفرنس دائر کیا گیا، اگر کمیشن یہ دیکھ لیتا تو شاید نوٹسز ہی نہ کرتا، عمران خان کو 62(1)ایف کے تحت نا ایل کرنے کی درخواست کی گئی۔

ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ سپیکر نے ایک سوال بھیجا ہے، یہ ریفرنس نہیں ہے۔

بیرسٹر علی ظفر نے دلائل میں کہا کہ الیکشن کمیشن کارروائی نہیں کرسکتا، کوئی عدالت ہی آرٹیکل 62(1) ایف کے تحت کارروائی کر سکتی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر آپ الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کر رہے ہیں تو الگ درخواست دائر کریں، دوسرے فریق کو جواب کی کاپی دینے کے بعد دلائل شروع کریں،19 ستمبر کے بعد کوئی التواء کی درخواست منظور نہیں کریں گے۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔

pti

پاکستان

ECP

اسلام آباد

imran khan

Sikandar Sultan Raja

tosha khana case

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div