Aaj News

منگل, اکتوبر 15, 2024  
12 Rabi Al-Akhar 1446  

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کا ردعمل

اب ہم حکومت میں آئیں گے تو سخت فیصلے کریں گے، شوکت ترین
شائع 29 جنوری 2023 12:29pm

حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے ردعمل دیا ہے۔

عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتی کوبرداشت نہیں کریں گے، شوکت یوسفزئی

پی ٹی آئی خبیرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پی ٹی آئی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے، موجودہ حکومت عوام کوختم کرنا چاہتی ہے، پہلے ہی معیشت ڈوبی ہوئی ہے۔

شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ امپورٹڈحکمرانوں نےغریبوں سے جینے کا حق چھیننے کی ٹھانی ہے، عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتی کوبرداشت نہیں کریں گے، امپورٹڈ حکومت عوام کی جان چھوڑے، امپورٹڈ حکومت نئے انتخابات کا اعلان کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی تمام تھیوریاں فیل ہو چکی ہیں، ڈالر200 پر لانے کا دعویٰ کیا تھا 270 پر پہنچ گیا ہے،عوام آپ کا بوجھ مزید برداشت نہیں کرسکتے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکدم اضافے کا سن کر قوم پر سکتہ طاری ہے، مسرت چیمہ

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکدم 35 روپے اضافے کا سن کر قوم پر سکتہ طاری ہے، اسحاق ڈار نے تو آئی ایم ایف کو نکیل ڈالنے کی بڑھک لگائی تھی، آپ نے تو قوم کو نکیل ڈال کر آئی ایم ایف کے سامنے پھینک دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی دن ایسا گزرا ہوجب عوام پر مہنگائی کابم گرانے کی چھٹی کی ہو، آنے والے دنوں میں عوام پر600ارب کے ٹیکسزکا بوچھ پڑنے والا ہے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ دل سے ان حکمرانوں اور ان کو لانے والوں کے لئے بددعا نکلتی ہیں، ایک ہنستا بستا گھر اپنے چند ارب کے لئے اجاڑ دیا گیا، بھوک کا ایک نیا سیلاب آنے والا ہے، عوام اس کو برداشت نہیں کر پائے گی، اللہ پاکستان پر رحم فرمائے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے مزید کہا کہ پانامہ رانی نے اپنے قدمِ منحوس دھرتی پر رکھے اور ساتھ ہی پیٹرول کا بحران ہوگیا، آنے سے 2 روز پہلے ڈالر 260 کا ہوگیا، یہ ان کے چاچا اور انکل کی نالائقی کے ساتھ ساتھ اس بدزبان عورت کی نحوست بھی ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کی وجہ سے نہیں ہوا،حماد اظہر

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں پی ٹی آئی کے رہنما حما اظہر نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کی وجہ سے نہیں ہوا، پی ڈی ایم نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے پاکستانی روپے کی ڈالر کے مقابلے میں قدر انتہائی کم ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تیل سمیت تمام امپورٹڈ اشیاء اب بہت زیادہ مہنگی پڑیں گی،یہ سب رجیم چینج کی بدولت ہوا۔

ابھی تو شروعات ہے، مزید مہنگائی ہوگی، شوکت ترین

سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا کہ یہ پیٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس بھی بڑھائیں گے، ابھی تو شروعات ہیں، مزید مہنگائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ان سے گیس کی قیمت میں بھی اضافہ کرائے گا، مہنگائی کا ایک ریلہ آئے گا،آئی ایم ایف تو اپنی شرائط منوائے گا، آئی ایم ایف کی شرائط باقی معیشت کا بیڑہ غرق کردیتی ہیں، مہنگائی تو کم نہیں ہوگی لیکن ڈیفالٹ کا رسک کم ہوجائے گا۔

شوکت ترین نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ برآمدات بڑھائیں، آئی ایم ایف کسی ملک کا حل نہیں ہے، ہم باربار آئی ایم ایف کے پاس اس لئے جاتے ہیں کہ سخت فیصلے نہیں لیتے، ہم ایکسپورٹ بڑھارہے تھے، ریونیو بھی 30 فیصد بڑھ گیا تھا، یہ ہماری ڈگر پر چلتے رہتے تو حالات ایسے نہ رہتے۔

سابق وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ یہ پھنس گئے ہیں،یہ تیاری کرکے نہیں آئے تھے، معیشت کو چلانا ان کا مقصد ہی نہیں تھا، اب تو برآمدات اور کم ہونا شروع ہوجائے گی، آئی ایم ایف ہماری مشکلات کا حل نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے پیر پر کھڑے ہونا ہے، ہم معاشی ایجنڈے کی تیاری کررہے ہیں، اب ہم حکومت میں آئیں گے تو سخت فیصلے کریں گے۔

petrol price

Petroleum products

Hammad Azhar

Shaukat Tarin

Musarrat Jamshed Cheema

diesal

shaukat yousufzai