Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار

عمران خان کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست خارج
اپ ڈیٹ 06 مارچ 2023 03:06pm
فوٹو۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔ فائل

توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست خارج کر دی جبکہ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے جانب سے وکیل قیصر امام، بیرسٹر گوہر اور علی بخاری نے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری کی منسوخی کی درخواست دائر کی۔

عمران خان کے وکیل علی بخاری اور دیگر نے وارنٹ منسوخی کی درخواست پر دلائل دیے۔

دوران سماعت وکیل قیصر امام نے مؤقف اپنایا کہ پرائیویٹ کمپلیننٹ میں وارنٹ جاری کرنے سے کسی حد تک روکا گیا ہے لہٰذا عدالت عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرے۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے ریمارکس دیے کہ 28 فروری کو صبح ہی عمران خان کے وکلا نے کہہ دیا تھا کہ وہ نہیں آئیں گے۔

مزید پڑھیں: توشہ خانہ کیس: عمران خان کو گرفتار کرکے 7 مارچ کو پیش کرنے کا حکم

وارنٹ منسوخی کی درخواست کے متن کے مطابق عمران خان نے جان کو خطرے اور طبی بنیادوں پر متعدد بار استثیٰ کی درخواستیں دائر کیں، 28 فروری کو سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں طلب کر رکھا تھا لیکن عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس کی عدالتوں میں بھی جانا تھا۔

استدعا ہے کہ عمران خان کو صحت کے مسائل ہیں اور ڈاکٹر سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں، سیشن عدالت میں عدم پیشی حالات کے باعث ہوئی، جان بوجھ کر نہیں کی گئی اس لیے ناقابلِ ضمانت وارنٹ منسوخ کر کے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی توشہ خانہ کیس جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست مسترد

عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کے لئے دائر درخوست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی درخواست خارج کر دی۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا حکم برقرار رکھا ہے۔

مزید پڑھیں: توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

واضح رہے کہ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے 28 فروری کو توشہ خانہ سے متعلق فوجداری کیس میں عدم حاضری پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وانٹ جاری کیے تھے۔

اس روز چیئرمین تحریک انصاف پر کیس میں فرد جرم عائد کی جانی تھی لیکن وہ عدالت میں طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔

اسلام آباد پولیس گزشہ روز لاہور زمان ٹاؤن میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل کروانے بھی پہنچی تھی جہاں پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس کے درمیان بدنظمی ہوئی جبکہ اسلام آباد پولیس عمران خان کو گرفتار کیے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئی تھی۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کی کمپلیننٹ دائر کر رکھی ہے اور توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کی کمپلیننٹ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کسن کی سماعت کل کے لئے مقرر ہے۔

عمران خان خان وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست خارج کرنے کے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اسلام آباد سیشن کورٹ کا عمران خان کے وارنٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ قانونی طور پر درست نہیں ہے، فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رہے ہیں۔

pti

imran khan

tosha khana case

islamabad local court

Politics March 06 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div