Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

رہنماؤں کی جانب سے پی ٹی آئی چھوڑنے کا سلسلہ جاری

سابق ایم پی اے ملک خرم، طارق محمود الحسن، نادیہ عزیز، آغاز گنڈا پور نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا
اپ ڈیٹ 29 مئ 2023 08:27am

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک خرم علی، طارق محمود الحسن اور سابق ایم پی اے نادیہ عزیز نے بھی پارٹی سے راہیں جدا کرلیں۔

9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد سے اب تک تحریک انصاف کے درجنوں رہنما اور ٹکٹ ہولڈر جماعت سے علیحدگی اختیار کرچکے ہیں، گزشتہ روز بھی سابق گورنر اور عمران خان کے قریبی ساتھی مانے جانے والے عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی چیئرمین کو خدا حافظ کہہ کر اپنی راہیں جدا کرلی تھیں، جب کہ علی زیدی، خسرو بختیار، ابرارالحق، جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ، ملیکہ بخاری، عامر کیانی، محمود مولوی، ہاشم ڈوگر سمیت اب تک متعدد سینئر رہنما پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں۔

طارق محمود الحسن کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

تحریک انصاف کے رہنما سید طارق محمودالحسن نے بھی پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طارق محمود الحسن کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات روکنے میں پی ٹی آئی قیادت ناکام ہوئی، اس لئے میں پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔

ملک خرم علی نے پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا

رہنماؤں کی جانب سے پی ٹی آئی چھوڑنے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، اور آج تحریک انصاف کی پہلی وکٹ ملک خرم علی کی صورت گری۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک خرم علی خان کا کہنا تھا کہ جو پی ٹی آئی ہم نے جوائن کی تھی یہ وہ نہیں ہے، مجھے اس بار ٹکٹ نہیں دیا گیا پھر بھی پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا لیکن 9 مئی کے واقعات پر افسوس ہوا اور سوچنے پر مجبور ہوگیا۔

ملک خرم علی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے سب سے اہم پاکستان کے ادارے ہیں، سیاست کو چلانا ہے تو سب سے پہلے پاکستان کو مضبوط کرنا ہے، اداروں کو کمزور کرنے والوں کے ساتھ نہیں چل سکتے، تمام دوستوں سے مشاورت کے بعد علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

پی ٹی آئی کی سابق ایم پی اے نادیہ عزیز نے راہیں جدا کرلیں

پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن صوبائی اسمبلی نادیہ عزیز نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پارٹی چھوڑنے اور سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا۔

انھوں نے کہا کہ نو مٸی کے واقعات کی سخت مذمت کرتی ہو پاک فوج ہمیں جان سے پیاری ہے اور اس کی عزت پر کوٸی سمجھوتہ نہیں کر سکتے، نومٸی کو سرگودھا میں شہدا کی یادگار کیساتھ واقعات میں ملوث نہیں تھی، میں نے ہمیشہ تشدد سے پاک سیاست کی ہے۔

سابق ایم پی اے آغاز گنڈا پور نے پارٹی چھوڑ دی

پشاور میں پریس کانفرنس کرتےہوئے آغاز گنڈا پور نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی واقعات کے بعد پارٹی کیساتھ سفر جاری نہیں رکھ سکتا، پارٹی اور عمران خان سے راہیں جدا کرتا ہوں، آئندہ الیکشن آزاد حیثیت سے لڑوں گا۔

انھوں نے کہا کہ فوج ہمارے لئے بہت عزیز ہے، فوج کے ہم پر بہت احسانات ہیں۔ ریاست مخالف معاملات سے ملک کو نقصان ہوگا، 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کو سزاء ملنی چاہئے، پارٹی چھوڑنے کے حوالے سے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے یہ میرا اور میرے خاندان کا فیصلہ ہے۔

پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کے جہانگیرترین سے رابطے

دوسری جانب تحریک انصاف سے منحرف اور سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے لاہور میں مستقل ڈیرے ڈال لئے ہیں، اور تحریک انصاف سے لاتعلقی کا اظہار کرنے والے رہنما ان سے رابطے کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکپتن سے سابق ایم این اے احمد شاہ گھگہ نے لاہور میں جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے، جب کہ پی ٹی آئی کے سابق رکن پنجاب اسمبلی سعید اکبر نوانی نے بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔

رہنماؤں کی اس ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری بھی موجود تھے، اور اس ملاقات میں رہنماؤں کی مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین نے اپنی الگ اور نئی پارٹی کے مختلف ناموں پر بھی غور شروع کردیا ہے، جب کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والے مزید لوگ جہانگیر ترین کے ساتھ چلنے کا اعلان بھی کریں گے۔

PTI protest

ٰImran Khan

imran khan arrested

PTI Leaders Left Party

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div