Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
20 Shawwal 1445  

ورلڈ کپ: پاک بھارت میچ میں حسن علی کے سُسر کو داماد کی مدد درکار

لیاقت علی احمد آباد میں 14 اکتوبر کو شیڈول اس میچ کے شدت سے منتظرہیں
اپ ڈیٹ 03 اکتوبر 2023 11:42am
تصویر: حسن علی/ انسٹاگرام
تصویر: حسن علی/ انسٹاگرام

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالرحسن علی کے بھارتی سُسر14 اکتوبرکو احمد آباد میں شیڈول پاک بھارت میچ کے شدت سے منتظرہیں تا کہ ان کی ملاقات اپنی نواسی سے ہوسکے۔ حسن اور سامعہ کی 2 سالہ بیٹی پہلی بار نانا سے ملے گی۔ لیاقت علی نے یہ بھی بتایا کہ وہ داماد سے مل کر کس خواہش کا اظہار کریں گے۔

ہریانہ کے ضلع نوح سے تعلق رکھنے والے حسن علی کے63 سالہ سسرلیاقت خان ریٹائرڈبلاک ڈیولپمنٹ آفیسر ہیں جن کی بیٹی 2019 میں دبئی میں شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد سے اب تک آبائی وطن نہیں گئیں۔

لیاقت خان پاک بھارت میچ کا انتظار اس لیے کررہے ہیں تا کہ وہ نواسی سے ملیں، انہوں نے بتایا کہ سامعہ کے یہاں بیٹی کی پیدائش کے موقع پر ان کی اہلیہ 2021 میں پاکستان گئی تھیں اور اب وہ احمد آباد میں دوبارہ ملیں گے۔

پاکستانی ٹیم کے دورہ بھارت سے قبل طویل عرصے سے اس خاندان کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا تھا۔

مزید پڑھیں:

’دی جنریٹر از بیک‘ حسن علی کا ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار

ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرا کب ہوگا؟ اعلان ہوگیا

پہلے ٹیم کے دورہ بھارت کے بارے میں سوالات اٹھائے گئے اوربعد میں حسن علی کو عارضی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ گزشتہ ماہ ایشیا کپ کے دوران نسیم شاہ کے انجری کا شکار ہونے کے بعد حسن علی کو ان کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

پاک بھارت سیاسی کشیدگی کو مد نظررکھتے ہوئے محتاط انداز میں گفتگو کرنے والے کرکٹر کے سُسر نے اس دن کی یادیں بھی تازہ کیں جب ان کی بیٹی نے حسن علی سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

لیاقت علی خان کے مطابق، ’میں نے اپنی زندگی رومی کے ایک اقتباس پرگزاری جو میں نے روہتک میں اپنے کالج کے دنوں میں پڑھا تھا کہ ”اپنے دل کی سنو، ہجوم کی نہیں“، میری بیٹی ایمریٹس ائر لائن میں بطور فلائٹ انجینئرکام کر رہی تھی اور حسن سے دبئی میں ایک باہمی دوست کے ذریعے ملاقات ہوئی تھی۔ اس نے مجھے اس بارے میں بتایا اور میں نے کبھی اس کے فیصلے پر شک نہیں کیا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر میں اپنے فیصلے بیٹی پر مسلط کروں تو تعلیم کا کیا مقصد ہے؟ وہ تعلیم یافتہ اور خود مختار ہے۔ کون پرواہ کرتا ہے کہ چند لوگ ہماری پیٹھ پیچھے کیا کہتے ہیں؟ میں نے اسے بتایا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کس سے شادی کر رہی ہے جب تک کہ وہ خوش ہے۔ ہمارے خاندان کے لوگ بھی پاکستان میں ہی ہیں جو تقسیم ہند کے دوران وہاں گئے تھے‘۔

داماد کو سراہتے ہوئے لیاقت علی کا کہنا تھا کہ حسن ایک خوبصورت دل والا مہربان انسان ہے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا انہیں پاکستان اور بھارت کے میچوں کے دوران اندرونی تنازع کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس میں ان کے داماد بھی کھیل رہے ہیں، انہوں نے ہنستے ہوئے کہا، ’میں نے سنیل گواسکر، کپل دیو، سچن ٹنڈولکر، محمد اظہر الدین کو دیکھا ہے، لیکن میں ویرات کوہلی کا مداح ہوں۔ مجھے ویرات کوہلی سے محبت ہے‘۔

کوہلی کے مداح لیاقت علی کے مطابق ’مجھے نہیں لگتا کہ اس دور میں کوہلی سے بہتر کوئی ہے۔ ان کی فارم میں کمی آئی تھی وہ اب بھی اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کررہے لیکن باقی کھلاڑیوں سے بہت آگے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔

داماد کیلئے لیاقت علی کا مزید کہنا تھا کہ، ’جب میں حسن سے ملوں گا تو میں درخواست کروں گا کہ وہ میری ٹیم (بھارت) کے کھلاڑیوں سے بھی ملنے میں میری مدد کریں۔ میں ویرات کوہلی کے ساتھ تصویرکھینچنا چاہتا ہوں اور راہول ڈریوڈ کو نیک خواہشات پہنچاناچاہتا ہوں‘۔

india

پاکستان

hassan ali

Pakistan vs India

world cup 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div