Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
20 Shawwal 1445  

بے دخل کیے گئے افغانوں کو دوبارہ پاکستان آنے کی اجازت ہوگی، ترجمان دفتر خارجہ

مغربی ممالک سے 25 ہزار افغانوں کی روانگی کا عمل تیز کرنے کا مطالبہ
اپ ڈیٹ 10 نومبر 2023 10:35pm

دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف ایکشن لینے کا پورا اختیار ہے، بے دخل کیے گئے افغانوں کو دوبارہ پاکستان آنے کی اجازت ہوگی۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوئی، پاکستان اپنے تحفظات کا اظہار افغان حکومت سے کرچکا ہے، افغان حکومت دہشت گردوں کے خلاف ایکشن لے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ملک میں امن و سلامتی پاکستان کی ذمہ داری ہے، ہمارے پاس افغان دہشت گردوں کی تفصیلات ہیں، غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے خلاف کارروائی عالمی قوانین کی خلاف ورزی نہیں، پاکستان کو غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف ایکشن لینے کا پورا اختیار ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ فیصلے سے افغان حکومت کو آگاہ کردیا تھا، کارروائی صرف غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف ہورہی ہے، واپس جانے والے باقاعدہ دستاویز کے ساتھ پھر آسکتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مغربی ممالک سے 25 ہزار افغانوں کی روانگی کا عمل تیز کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، سلامتی کو درپیش خطرات سے افغان حکومت کو آگاہ کیا ہے لہٰذا افغان حکومت سلامتی خطرات دور کرنے کے لیے اقدامات کرے۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور فلسطینی صدر محمود عباس کے درمیان آج رات ساڑھے 10 بجے ملاقات ہوگی۔

اسرائیل کی پشت پنائی امریکا کررہا ہے، اعزاز چوہدری

سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بے رحمی سے غزہ پر بمباری کررہا ہے، پوری عالمی برادری ہمیں بے بس نظر آرہی ہے، اسرائیل کی پشت پنائی امریکا کررہا ہے۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ اس وقت صرف بیانات سے کچھ نہیں ہوگا، اسلامی دنیا کو اسرائیلی پراڈیکس کا بائیکاٹ کرنا چاہیئے، اسلامی دنیا کو اپنے سفیر واپس بلانا چاہیئے، ای آئی سی میں اسرائیل کو واضح پیغام دینا چاہیئے۔

سابق سیکرٹری خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ غیرقانونی تارکین وطن کو واپس جانا ہی ہوگا، دنیا میں کہیں بھی غیرقانونی تارکین وطن کو رہنے کی اجازت نہیں، افغان دہشت گرد پاکستان میں حملے کررہے ہیں، ملک میں دہشت گردی سے ہر کوئی پریشان ہے۔

پیپلزپارٹی کراچی کی بڑی جماعت بن کر ابھرے گی، ناصر حسین شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں ہم اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے، پورے سندھ میں پیپلزپارٹی کامیابی حاصل کرے گی، پیپلزپارٹی کراچی کی بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔

ناصرحسین شاہ نے کہا کہ سینٹرل پنجاب سے بھی ہمیں اپنا حصہ نظر آرہا ہے، بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں ہم نے کامیابی حاصل کی، سندھ میں ہم کسی اتحاد کے خلاف نہیں، ہم نے ہمیشہ سندھ میں مختلف اتحادوں کا سامنا کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نےکراچی میں بہت کام کیے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں ہمیں کاموں کا صلہ ملا، ایم کیوایم کے بائیکاٹ کا فائدہ جماعت اسلامی کو ہوا، کراچی میں پی ٹی آئی کی نشستیں پیپلز پارٹی جیتے گی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہمارے ساتھ شروع سے ہی زیادتیاں ہوتی آئی ہیں، ہم پر جھوٹے کیسز بنائے گئے، کچھ ثابت نہیں ہوا، فرح گوگی کے بڑے اثاثے سامنے آگئے ہیں۔

Afghan refugees

اسلام آباد

Nasir Hussain Shah

Pakistan Foreign Office

Mumtaz Zahra Baloch

Illegal Afghan Residents

Illegal immigrants

Illegal Afghan Immigrants

Afghan Refugees Returning

AFGHAN REFUGEES EXPULSION

aizaz chaudhry

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div