Aaj News

منگل, اکتوبر 15, 2024  
11 Rabi Al-Akhar 1446  

سردار اختر مینگل کا قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان، اسپیکر لاعلم نکلے

میں اپنے لوگوں کیلئے کچھ نہیں کرسکا، اس لیے استعفے کا اعلان کرتا ہوں، سردار اختر مینگل
اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2024 10:22pm

بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی-مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا جبکہ انہوں نے سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جا کر استعفیٰ بھی جمع کرا دیا۔ لیکن اسپیکر قومی اسمبلی ان کے استعفے سے لاعلم نکلے۔

پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے کہا کہ میں آج قومی اسمبلی سے استعفے کا اعلان کرتا ہوں، میں اپنے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ میں ریاست، صدر، وزیراعظم پر عدم اعتماد کا اعلان کرتا ہوں، یہ لوگ بلوچستان کے مسئلے کو سمجھ نہیں سکے، ہمارے آباؤ اجداد نے ہمیں عزت سے بات کرنا سیکھایا، ملک میں حکومت نام کی رہ گئی ہے۔

اخترمینگل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاست سے بہتر ہے پکوڑے کی دکان لگالوں، یہ لوگ بلوچستان کے مسئلے کو سمجھ نہیں سکے، اب کسی ادارے پر یقین نہیں رہا۔

سربراہ بی این پی مینگل نے کہا کہ بلوچستان میں بہت سے لوگوں کا خون بہہ چکا ہے، اس مسئلے پر سب کو اکٹھا ہونا چاہیئے اس مسئلے پر ایک اجلاس بلانا چاہیے تھا جس میں اس مسئلے پر بات ہوتی، جب بھی اس مسئلے پر بات شروع کو تو بلیک آوٹ کر دیا جاتا ہے، میری باتوں پر اگر آپ کو اختلاف ہے تو آپ میری باتیں تحمل سے سنیں، اگر پھر بھی میری باتیں غلط لگیں تو مجھے ہر سزا قبول ہے، مجھے بے شک پارلیمنٹ کے باہر انکاؤنٹر کردیں یا مار دیں لیکن بات تو سنیں ہمارے ساتھ کوئی بھی نہیں ور نہ کوئی بات سنتا ہے۔

سردار اختر مینگل کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ نے خود کہا بلوچستان ہمارے ہاتھوں سے نکل چکا ہے، میں نے اپنی پارٹی کو بھی اعتماد میں نہیں لیا، بلوچستان کے معاملے پرلوگوں کی دلچسپی نہیں ہے۔

اختر مینگل نے کہا آئین کے بنانے والے نہ خود کو بچا سکے نہ آئین کو بچا سکے، جب انہیں چارووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے تو اخترمینگل کے پاس آجاتے ہیں اور جب ضرورت ہوتی ہے تومحمود خان اچکزئی کوتحفظ آئین کا چئیرمین بنا دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ سردار اختر مینگل این اے256 خضدار سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

اسپیکر استعفے سے لاعلم نکلے

سردار اخترمینگل کی جانب سے قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیے جانے پر اسپیکر ایاز صادق سردار اختر مینگل لاعلم نکلے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے صحافی کے سوال پر جواب دیا کہ ہوسکتا ہے سیکریٹریٹ کو یا سیکرٹری کو استعفیٰ بجھوایا ہو، مجھے استعفے کی خبر نہیں ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ آپ استعفیٰ منظور کریں گے یا مسترد ؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ استعفیٰ منظور یا مسترد ایسے نہیں ہوتا ایک پروسس ہوتا ہے۔

federal government

PM Shehbaz Sharif

sardar akhtar mengal