Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
30 Jumada Al-Awwal 1446  

اسموگ کی ابتر صورتحال: لاہور کے پرائمری اسکول ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا اعلان

ڈی جی ماحولیات نے لاہور کے اسکولز میں ایک ہفتے کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا
شائع 03 نومبر 2024 03:35pm

اسموگ کی ابتر صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے لاہور کے پرائمری اسکول ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلی سے پانچویں جماعت کے اسکول ایک ہفتے کے لیے بند کررہے ہیں، اسموگ کے باعث سرکاری اورنجی اسکولوں میں چھٹیاں ہوں گی، وزیراعلیٰ کی اسموگ پر زیرو ٹالرنس پالسیی ہے۔

اسکولز میں ایک ہفتے کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری

لاہور میں اسموگ کی شدت کے پیش نظر ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے لاہور کے اسکولز میں ایک ہفتے کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ادارہ ماحولیات پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں نرسری سے پانچویں جماعت تک اسکولز بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق 4 نومبر سے 9 نومبر تک ہوگا، لاہور کے تمام نجی اور سرکاری اسکولز چھٹیاں دینے کے پابند ہوں گے۔

ادارہ ماحولیات پنجاب کا کہنا ہے کہ چھٹیوں میں مزید اضافے سے متعلق فیصلہ 9 نومبر کو ہوگا، چھٹیاں دینے کا فیصلہ فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا، محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کو ہدایات جاری کردی گئیں۔

مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہو رمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیرپنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارت سے آنے والے آلود زدہ ہوائیں لاہور کی فضا کو متاثر کررہی ہیں، بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا، گزشتہ روز سے لاہور میں اسموگ میں غیرمعمولی اضافہ ہوا، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار سے تجاوز کرگیا، چندی گڑھ بھارت سے ہوا پاکستان کی جانب آئی، لاہور کے اندر بہت سےعلاقے بھارت سے آنے والی ہوا سے متاثر ہوئے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ بھارت سے تیز ہوائیں آئیں اور لاہور کا اے کیو آئی ایک ہزار سے اوپر پہنچا، بارڈر کے قریب اے کیو آئی 1900 تک گیا، جب ہوا رکی تو اے کیو آئی کم ہوکر 180 اور 200 کے درمیان آگیا، آج صبح دوبارہ بھارت سے آنے والی ہوا کی رفتار بہت تیز تھی، لاہور کی اپنی ہوا زیرو سپیڈ پر تھی، آج بھارت سے آنے والی ہوا سے لاہور کا اے کیو آئی 1017پر گیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ لوکل لیول پر سرویلنس ہورہی ہے،متعلقہ عملہ فیلڈ میں موجود ہے، کسانوں سے میری خاص درخواست ہے فصلوں کی باقیات کو نہ جلائیں، سپرسیڈر کا استعمال کریں وہ زیادہ مفید بھی ہے، کسان سپر سیڈرز کو کرائے پر لے سکتے ہیں، آج بھی کسان گرفتار ہوئے اور کل بھی، جب تک خودذمہ داری ادا نہیں کریں گے اسموگ پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت اے کیو آئی لیول مضر صحت ہے، شرارتی لوگوں اور سازشی دماغوں نے اس مسئلے پر بھی سیاست کی، اسموگ والا مسئلہ بھارت سے بات کیے بغیر حل نہیں ہوسکتا، بارڈرز کے دونوں طرف سے اقدامات سے ہی معاملہ حل ہوسکتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے شملہ پہاڑی کے علاقے میں اے کیو آئی لیول نیچے بھی گیا، شملہ پہاڑی کے علاقے میں گرین لاک ڈاؤن لگا ہوا ہے، گرین لاک ڈاؤن والے علاقوں میں چنگچی رکشوں کے داخلے پر پابندی ہے، شہر میں گاڑی،بس ،موٹربائیکس یا چنگ چی سے دھواں نکل رہا ہے تو کارروائی ہوگی، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ جاری ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اگلے پورے ہفتے ہوا کی رفتار لاہور کی طرف رہے گی، اللہ کرے لاہور کی جانب بڑھنے والی ہوا کی رفتار میں کمی واقع ہو، کل ہم نے ایڈوائزری جاری کردی تھی، ہدایات کیں کہ غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں، لاہور کی فضا اس وقت مضر صحت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے 22 اکتوبر کو اسکولوں کے اوقات 8 بجکر 45 منٹ کیے تھے، اسموگ کے باعث لاہور میں پلے گروپ سے پرائمری کلاس تک کو ایک ہفتے کی چھٹی دے رہے ہیں، سرکاری اور نجی اسکولوں کو ایک ہفتے تک بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کررہے ہیں۔

لاہور کی فضا کا معیار آج بھی انتہائی مضر

واضح رہے کہ آج بھی صبح سویرے لاہور کی فضا کا معیار انتہائی مضر صحت رہا، جس کے سبب دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور کا آج پھر پہلا نمبر ہے۔

اس حوالے سے حکومت پنجاب نےالرٹ جاری کیا تھاکہ بھارت میں کثرت سے فصلوں کی باقیات جلانےسے لاہورکے ائیر کوالٹی انڈیکس میں غیرمعمولی اضا فہ ہو سکتا ہے۔

حکومت کی جانب سے خراب فضائی معیار کے باعث لاہور کے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور کھڑکی دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

lahore

Maryam Aurangzeb

Punjab Government

smog

Lahore smog