Aaj News

بدھ, مئ 21, 2025  
24 Dhul-Qadah 1446  

رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کو باضابطہ حکومت سے مذاکرات کی دعوت دے دی

جب تک اپوزیشن لیڈر اور قائد ایوان بیٹھ کر مکالمہ نہیں کرتے یہ نظام نہیں چل سکتا، قومی اسمبلی سے خطاب
شائع 17 دسمبر 2024 11:00pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما پی ٹی آئی کو حکومت کے ساتھ باضابطہ طور پر سیاسی مذاکرات کی دعوت دے دی۔

قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دینے میں ہمیں اعتراض نہیں، مذاکرات میں جو مطالبات کریں گے، ہم انکا جواب دیں گے، مطالبات کے جواب میں ہمارے پاس بھی مواد موجود ہے۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا ہے کہ جب بھی سیاستدان بیٹھتے ہیں، معاملات سلجھتے ہیں، اپوزیشن لیڈرز بانی سے ملنا چاہیں گے تو قانون کے مطابق مل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف کا رابطہ ہونا چاہیے، اسپیکر چیمبر میں ان سے روز ملاقات ہوتی ہے، ان سے رات رات بھر ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سینیئر لیڈر شپ ہمارے ساتھ بیٹھتی رہی ہے، میثاق جمہوریت کے بغیر آگے چلنا ممکن نہیں۔

رانا ثنا اللہ نے یاد دلایا کہ چند ہفتے قبل جب وزیر اعظم شہباز شریف ایوان میں تھے تو انہوں نے اپوزیشن سے بہتر تبادلہ کیا، بیٹھنے اور مذاکرات کی دعوت دی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی جانب سے ردعمل اور استعمال کیے گئے لہجے پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب اگر پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ ہماری کوئی بات چیت نہیں ہوئی، تو شاید اس طرف سے بھی بات چیت نہ ہوئی ہو۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ اس پارلیمانی جمہوری نظام میں جب تک اپوزیشن لیڈر اور قائد ایوان بیٹھ کر مکالمہ نہیں کرتے یہ نظام نہیں چل سکتا، گاڑی کو آگے بڑھنے کے لیے دونوں پہیوں کو موڑنے کی ضرورت ہے۔

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)