ٹرمپ حلف برداری تقریب میں جے شنکر کو اپنی نشست چھوڑ کر پیچھے جانے کو کہا گیا؟ حقیقت سامنے آگئی
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں آئے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے متعلق ایک دعویٰ سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں انہیں آگے کی نشست چھوڑ کر پیچھے کی نشست پر بیٹھنے کو کہا گیا۔
جے شنکر حلف برداری کی تقریب میں پہلی صف میں موجود تھے لیکن ایک وائرل ویڈیو نے تنازعہ پیدا کر دیا، جس کے بعد بھارتی میڈیا کو حقائق کی جانچ کرنی پڑ گئی۔
انڈیا ٹوڈے فیکٹ چیک کی مکمل تحقیقات نے اس دعوے کو مسترد کیا کہ بھارتی وزیر خارجہ کو اپنی سیٹ چھوڑ کر پیچھے کی سیٹ پر جانے کے لیے کہا گیا تھا۔
حقیقت کیا ہے؟
20 جنوری کو منعقدہ ٹرمپ کی صدارتی حلف برداری کی افتتاحی تقریب میں کئی مشہور شخصیات نے دنیا بھر سے شرکت کی تھی، جن میں بھارت کے وزیر خارجہ جے شنکر بھی شامل تھے، جو اگلی صف میں بیٹھے تھے۔
امریکی وزیر خارجہ کی کواڈ اتحاد کے وزرائے خارجہ سے ون آن ون ملاقات
انڈیا ٹوڈے کے مطابق، وائرل ویڈیو کلپ جس نے افواہ کو جنم دیا، اس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک خاتون جے شنکر کے سامنے بیٹھے کیمرہ پرسن کو پیچھے ہٹنے کا کہتی ہیں مگر سوشل میڈیا پر یہ افواہ زیر گردش ہے کہ جے شنکر کو پیچھے ہٹنے کے لیے کہا گیا۔
تقریب کی مکمل ویڈیو کا تجزیہ کرنے کے بعد، جو افتتاحی تقاریب پر مشترکہ کانگریس کمیٹی کے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے، اس بات کی تصدیق ہوئی کہ جے شنکر پوری تقریب میں اپنی اگلی صف میں موجود رہے۔
ویڈیو میں خاتون کو کیمرہ پرسن سے دوسری جگہ منتقل ہونے کو کہتے ہوئے دیکھا گیا تاکہ وہ اسٹیج کا بہتر انداز سے کوور کرسکے۔
Comments are closed on this story.