Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

طوفانی برفباری نے مری، ایبٹ آباد اورگلیات کو جمادیا، سیاحوں پر دروازے بند، تعلیمی اداروں پر تالے

کے پی میں پانچ روزکی بارش چارجانیں لے گئی
اپ ڈیٹ 04 مارچ 2025 07:21am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

طوفانی برفباری نے مری، ایبٹ آباد اورگلیات کو جمادیا۔ شدید برفباری کی وجہ سے سیاحوں پر دروازے بند کر دیے گئے، تعلیمی اداروں پر بھی دو روز کے لیے تالے لگ گئے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ساٹھ ملی میٹربارش سے نالہ لئی کی سطح بلند ہوگئی۔ داسو میں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم پر آمدورفت بند کردی گئی۔ مسافرپھنس گئے۔ کے پی میں پانچ روزکی بارش چارجانیں لے گئی

ملک میں ماہ مبارک کا ٹھنڈا ٹھار آغاز ہوگیا، بالائی اور مغربی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری شروع ہوگئی، روزے داروں کے چہرے کھل اٹھے، کراچی میں گرمی روزہ داروں کا امتحان لینے کو تیار ہے، آج سے سمندری ہوا بند ہونے کی پیشگوئی کر دی گئی۔

پنجاب کے کئی شہروں میں بادل خوب جم کر برسے، بلوچستان میں بھی تیز برسات ہوئی وادی نیلم اور لیپہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے راستے بند ہوگئے۔

حکام کے مطابق خیبر پختونخوا میں جاری پانچ روز کی بارشوں میں رونما ہونے والے مخلتف واقعات میں 4 افراد جاں بحق، جبکہ 9 زخمی ہوگئے ہیں۔

کراچی میں آئندہ ہفتے موسم گرم ہونے کا امکان

ایبٹ آباد میں بارش اور گلیات میں برفباری جاری ہے، سیاحوں کو گلیات جانے سے روک دیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے اسکول بند کرنے کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا۔

گلیات میں شدید برفباری کے باعث تعلیمی ادارے 2 روز کیلئے بند کر دیے گئے، محکمہ تعلیم کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

برفباری کے باعث گلیات جانے والے سیاحوں پرپابندی عائد کردی گئی۔

ملک میں بارش، برفباری سے ایک بار پھر ٹھنڈ کا احساس بڑھ گیا، ملتان، شیخوپورہ، حافظ آباد، کوٹ ادو میں بادل برس پڑے۔

پنجاب کے علاقوں خانیوال، ساہیوال، گوجرانوالہ، ننکانہ میں بھی خوب پانی برسا، اٹک، چنیوٹ، شکرگڑھ کے کئی علاقوں میں جل تھل ایک ہوگیا۔

روزہ داروں کے لیے خوشخبری، پہلا عشرہ ٹھنڈا ٹھار گزرنے کاامکان

بلوچستان میں قلعہ عبداللہ، پشین، ہرنائی، لورالائی میں بھی موسلا دھار برسات ہوئی، موسم بہتر ہونے سے روزہ داروں کے چہرے کھل اٹھے۔

ادھر زیارت، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی کے پہاڑ برف سے ڈھک گئے، مظفرآباد، ایبٹ آباد، اسکردو میں بھی ہرطرف چاندی بکھرگئی۔

بشام، شانگلہ ٹاپ، یختنگی، الپوری میں بھی برفباری جاری ہے، وادی نیلم اور لیپہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے راستے بند ہوگئے ہیں۔

اپر کوہستان میں بھی داسو کے مقام پرلینڈ سلائیڈنگ ہونے سے شاہراہ قراقرم ایک بار پھرٹریفک کیلئے بند ہوگئی، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مسافرپھنس گئے۔

ادھر کراچی میں کراچی میں گرمی روزہ داروں کا امتحان لینے کو تیار ہے، محکمہ موسمیات نے منگل سے سمندری ہوا بند ہونے کی خبردیدی، جبکہ جمعہ کو درجہ حرارت 35 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔

جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کی پشیگوئی پر واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے۔ اسٹاف مشینری کے ساتھ فیلڈ میں موجود ہے۔

ترجمان واسا کے مطابق جڑواں شہروں میں مجموعی طور 60 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، سید پور کے مقام پر 56 ملی میٹر، گولڑہ 43 ملی میٹر، بوکڑہ 34 ملی میٹر، پی ایم ڈی 40 ملی میٹر، شمس آباد 31 ملی میٹر اور کچہری کے مقام پر 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

ایم ڈی واسا سلیم اشرف نے نشیبی علاقوں کا دورہ کیا، نکاسی آب آپریشن کی نگرانی کی۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے واسا کی ٹیمیں ہیوی مشینری کی مدد سے نکاسی آب میں مصروف ہیں، نالہ لئی اور نالوں کی مانیٹرنگ کی جاری ہے۔

azad kashmir

پاکستان

karachi

punjab

KPK

rainy weather