Aaj News

منگل, مارچ 25, 2025  
24 Ramadan 1446  

سانحہ جعفر ایکسپریس؛ کلیئرنس آپریشن میں ہلاک دہشتگردوں کی تصاویر منظرعام پر

مارے گئے دہشت گرد غیر ملکی اسلحہ سے لیس تھے، سیکیورٹی ذرائع
اپ ڈیٹ 13 مارچ 2025 10:41pm

جعفر ایکسپریس پر حملہ آور دہشتگرد فورسز کے ہاتھوں مارے گئے وطن دشمنوں کی تصاویرسامنے آگئیں، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تصاویرمیں واضح ہے کہ دہشت گرد ٹرین کے اردگرد مارے گئے۔ تمام دہشت گرد غیر ملکی اسلحہ سے لیس تھے۔ پانچ مسافروں کی میتیں اور29 زخمی کوئٹہ منتقل کر دی گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں سانحہ جعفر ایکسپریس میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب کلیئرنس آپریشن میں جہنم واصل دہشت گردوں کی تصاویر منظرعام پر آگئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تصاویرمیں واضح ہے کہ دہشت گرد ٹرین کے ارد گرد مارے گئے۔ دہشت گرد غیر ملکی اسلحہ سے لیس تھے۔

قومی اسمبلی میں جعفر ایکسپریس حملے کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سانحہ جعفر ایکسپریس میں جاں بحق پانچ مسافروں کی میتیں سول اسپتال کوئٹہ منتقل کی گئیں۔ جبکہ ریلوے کانسٹیبل شمروز خان اور کیرج اسٹاف ممتاز کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔

ریلوے ہاکی گراؤنڈ میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔ ایک لاش کی شناخت صغیراحمد کے نام سے ہوئی، دیگر دو لاشوں کی شناخت نہ ہوسکی۔ جعفر ایکسپریس ٹرین کے 29 زخمی مسافر اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

جعفرایکسپریس حملے میں شہید 4 افراد کی میتیں اسلام آباد پہنچ گئیں

دوسری جانب جعفرایکسپریس حملے میں شہید 4 افراد کی میتیں اسلام آباد پہنچ گئی۔ وفاقی مذہبی امور سردارمحمد یوسف نے ایئر پورٹ پر شہداء کی میتیں وصول کیں۔

اس موقع پرسردارمحمد یوسف نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں پرحملہ بزدلانہ کارروائی ہے، حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، شہداء کا تعلق مانسہرہ، اسکردو اورسیالکوٹ سے ہے۔

ٹرین کے ڈرائیورامجد یاسین نے حملے کا آنکھوں دیکھا احوال سنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے انجن میں زوردار دھماکا ہوا۔ چند لمحے بعد ہی پہاڑوں سے دہشت گرد حملہ آور ہوئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے نہتے مسافروں کو شہید کیا۔ مسافروں کے مطابق وہ دو دن تک بھوکے رہے۔ صرف پانی پرگزارہ کرتے رہے۔ دہشت گردوں نے نہتے مسافروں کو مارا۔

بولان میں جعفر ایکسپریس کی بحالی کا کام شروع

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پرسیکیورٹی الرٹ ہے۔ اندرون ملک ٹرین سروس دوسرے روز بھی معطل رہی۔ تاہم بعد ازاں ریلوے ذرائع نے بتایا کہ بولان میں جعفر ایکسپریس کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا۔ متاثرہ انجن اور بوگیوں کو واپس ٹریک پر چڑھا دیا گیا۔

ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ ٹریک کی کل دن کی روشنی میں بحال کیا جائیگا، کالعدم تنظیم کی کارروائی میں جعفر ایکسپریس ڈی ریل ہوا تھا۔ بلوچستان سے ریلوے کی سروس گزشتہ 2 روز سے معطل ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں ملک دشمنوں کی جانب سے بدامنی پھیلانے کے سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور جانے والی ٹرین (جعفر ایکسپریس) پر حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنالیا گیا تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے بزدل دشمن سے تمام یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا۔

سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن سے قبل جعفرایکسپریس کے درجنوں مسافروں کو دہشت گردوں نے یرغمال بنائے رکھا۔ دہشت گرد یرغمالیوں کو تین الگ مقامات پر لے گئے تھے، خودکش بمبار بھی ساتھ بٹھا دیے تھے۔

جعفر ایکسپریس کے یرغمالی بازیاب، 21 مسافر اور 4 جوان شہید، تمام 33 دہشتگرد ہلاک، رولز آف گیم تبدیل ہوگئے، ڈی جی آئی ایس پی آر

بعدازاں، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے نجی ٹی وی سے جعفر ایکسپریس پر حملے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 11 مارچ کو ایک بجے بولان کے قریب ریلوے ٹریک کو پہلے دھماکے سے اڑایا گیا، دہشت گردوں نے بعد میں جعفر ایکسپریس کو روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا، دہشت گرد افغانستان میں اپنے سہولتکاروں سے رابطے میں تھے۔

ٹانک؛ چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، فورسز نے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھرپور طریقے سے آپریشن شروع کیا اور یرغمالیوں کو بازیاب کرایا، وہاں پر موجود تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مرحلہ وار یرغمالیوں کو رہا کرایا گیا، آپریشن سے قبل دہشت گرد 21 جانیں لے چکے تھے، آپریشن کے دوران 4 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔

security forces

اسلام آباد

Attack on Jaffar Express

Jaffar Express Hijacking