خضدار اسکول بس پر حملہ بے رحمانہ ہے، قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی مذمت
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے بلچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کا قتل ناقابل فہم ہے۔ یونیسیف نے بھی خضداراسکول بس حملہ کی شدید مذمت کی۔
اپنے بیان میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر حملہ بے رحمانہ ہے، سفاکانہ حملے کی مذمت میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔
امریکی قائم مقام سفیر نے کہا کہ دہشتگردانہ حملے میں معصوم بچوں کا قتل ناقابل فہم ہے، دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
نیٹلی بیکر کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
بھارتی سرپرستی میں پلنے والےدہشتگردوں کوانجام تک پہنچائیں گے، صدر، وزیراعظم
امریکی سفیر نیٹلی بیکر کا مزید کہنا تھا کہ کسی بچے کو اسکول جاتے ہوئے خوف کا شکار نہیں ہونا چاہیے، ہم پاکستان میں اُن لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو اس تشدد کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک اسکول بس کو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 معصوم بچوں سمیت 5 افراد شہید ہو گئے۔شہدا میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں، حملے میں متعدد بچے بھی زخمی ہیں جو اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
بھارت کے ساتھ غیرجانبدار مقام پر کشمیر، پانی، تجارت اور دہشتگردی پر بات ہوگی، وزیراعظم
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے تمام واقعات کے پس پردہ بھارت کا گھناؤنا اور مسخ شدہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے جیسی بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔
Comments are closed on this story.