Aaj News

پیر, جون 16, 2025  
19 Dhul-Hijjah 1446  

پاکستان سے آم کی برآمد کا ہدف 1.25 لاکھ ٹن، 10 کروڑ ڈالر زرمبادلہ متوقع

آم کی برآمد کا آغاز 25 مئی سے کیا جائے گا اور اس بار چین اور ترکی کی منڈیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
شائع 23 مئ 2025 09:03am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن نے رواں سیزن کے دوران 1.25 لاکھ ٹن آم برآمد کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے، جس سے ملک کو 10 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہونے کی توقع ہے۔

ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق آم کی برآمد کا آغاز 25 مئی سے کیا جائے گا، اور اس بار چین اور ترکی کی منڈیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ جاپان، آسٹریلیا، امریکا اور جنوبی کوریا میں بھی پاکستانی آم کی موجودگی کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

رواں سیزن میں ماحولیاتی تبدیلیوں اور پانی کی قلت کے باعث آم کی پیداوار میں 20 فیصد کمی کا سامنا ہے، اور مجموعی پیداوار 14 لاکھ 40 ہزار ٹن رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

وحید احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں برس جنوبی افریقہ کی نئی منڈی بھی پاکستان کو میسر آئے گی، اور اس سلسلے میں جنوبی افریقہ کے ماہرین کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ آم کی برآمد کی منظوری دی جا سکے۔

کیا آپ کے آم محفوظ ہیں؟ آم میں خطرناک کیمیکلز کی پہچان کا آسان گھریلو ٹیسٹ

ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شپنگ کمپنیوں کی جانب سے اضافی فریٹ چارجز کا نوٹس لے، کیونکہ ان کے باعث برآمد کنندگان کو مالی نقصان کا سامنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی اثرات سے نمٹنے اور پیداوار میں بہتری کے لیے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔

پاکستان

Foreign Exchange

Exports

mangoes

Freight charges