Aaj News

پیر, جون 16, 2025  
19 Dhul-Hijjah 1446  

بھارت 20 برس سے ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے، خضدار واقعے میں فتنۃ الہندوستان ملوث ہے، ترجمان پاک فوج

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کی 20 سالہ اسٹیٹ اسپانسرڈ دہشتگردی کی تفصیلات دنیا کے سامنے پیش کر دیں
اپ ڈیٹ 23 مئ 2025 05:34pm
This Is India’s Proxy War, Not Baloch’s - Aaj News

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت 20 برس سے ریاستی دہشت گردی کررہا ہے، خضدار واقعے میں فتنۃ الہندوستان ملوث ہے، فتنۃ الہندوستان نے خضدار میں دہشت گردی اور بھارتی پشت پناہی کا اعتراف کیا، فتنۃ الہندوستان کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں، یہ درندے ہندوستان کے پیسے پر بربریت کر رہے ہیں، بلوچ بھی پوچھتے ہیں، دہشت گردی کا بلوچستان سے کیا تعلق ہے؟

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا کے ہمراہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا، جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، بھارتی اقدامات اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

بھارت خطے میں امن کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت خطے میں امن کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، قیام پاکستان کے بعد سے بھارت وطن عزیز کے خلاف سرگرم ہے، بھارت 20 سال سے ریاستی دہشت گردی کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے، مکتی باہنی اور سقوط ڈھاکا اس کی واضح مثال ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت دہشت گردوں کو فنڈز فراہم کرتا ہے، فتنہ الہندوستان نے خضدار میں دہشت گردی کا اعتراف کیا، گرفتار دہشت گردوں نے بھارتی پشت پناہی کا اعتراف کیا، کلبھوشن یادیو نے اعترافی بیان میں حقائق بیان کیے، 2009 اور 2016 میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت پیش کیے۔

پریس کانفرنس کے دوران بلوچستان میں شہید بچوں کی تصاویر اور لواحقین کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ 22 ستمبر 2024 میں 7 غریب مزدوروں کو شہید کیا گیا، 10 اکتوبر 2024 کو 21 مزدروں کو شہید کیا گیا، 13 نومبر 2024 میں زیارت میں 3 مسافروں کو شہید کیا گیا جبکہ 14 فروری کو ہرنائی میں 10 مزدروں کو شہید کیا گیا، 6 اور 7 مئی کو 40 افراد کو شہید کیا گیا، 21 مئی کو خضدار میں 6 بچوں کو شہید کیا گیا، 51 زخمی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان نے کیچ میں 2 درزیوں کو قتل کرایا، فتنہ الہندوستان نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا، یہ درندے ہندوستان کے پیسے پر بربریت کر رہے ہیں، بلوچ بھی پوچھتے ہیں، دہشت گردی کا بلوچستان سے کیا تعلق ہے، دہشت گردی کا اسلام سے کیا تعلق ہے؟ یہ درندے ہندوستان کے پیسے پر بربریت کررہے ہیں، فتنہ الہندوستان کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں بھارتی میجرسندیپ کی آڈیو سنائی

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ 25 اپریل کو جہلم سے دہشت گرد گرفتار ہوا، دہشت گرد نے لاہور سے بلوچستان تک دہشت گردی کا اعتراف کیا، فتنہ الہندوستان جدید اسلحہ استعمال کرتے ہیں، جدید اور مہنگا اسلحہ انہیں کون خرید کردیتا ہے؟

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ 6 اکتوبر کو کراچی میں چینی باشندوں پر حملہ ہوا، چینی باشندوں پر حملے میں بھی بھارت ملوث ہے، بھارتی میڈیا حملے سے متعلق پہلے سے آگاہ تھا، جعفر ایکسپریس پر حملہ ہوا تو بھارتی میڈیا نے جشن منایا، بھارتی میڈیا پر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، بھارتی میڈیا ہندوستانی حکومت کے کنٹرول میں ہے۔

”پاکستان کا میڈیا بھارتی میڈیا سے زیادہ آزاد ہے“

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے بارڈر کراس کرنے پر71 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، بھارتی میڈیا پر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، بھارت میڈیا پر پاک فوج کے افسران، جوانوں کے سروں کی قیمت لگائی جاتی ہے، بی ایل اے کے دہشتگرد بھارتی چینلز پر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہیں، سب نے دیکھ لیا پاکستان کا میڈیا بھارتی میڈیا سے زیادہ آزاد ہے، بھارتی میڈیا ہندوستانی حکومت کے کنٹرول میں ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید بتایا کہ اسلم اچھو بھارت میں اسپتال میں زیرعلاج ہے، ڈاکٹر اللہ نذر بھی بھارت میں موجود ہے، زخمی دہشت گردوں کا علاج بھارت میں ہوتا ہے، بھارت انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تھا کہ خوارج مسلمانوں کو قتل کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ روزانہ 150 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہو رہے ہیں، رواں سال ملک بھر میں 747 دہشت گرد ہلاک کئے، 203 ہلاک دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الہندوستان سے ہے۔ 2024 میں ایک ہزار سے زائد دہشت گرد مارے گئے، بھارت کے علاوہ دنیا میں کونسا ملک دہشت گردی پر جشن مناتا ہے۔ بھارتی پراکسیز پیسے کیلئے بچوں کو قتل کر رہی ہیں۔

”ماہ رنگ بلوچستان دہشت گردوں کی پراکسی ہیں“

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دہشت گردوں کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، ماہ رنگ بلوچستان کا چہرہ دنیا کے سامنے آچکا ہے، ماہ رنگ بلوچستان دہشت گردوں کی پراکسی ہیں، ماہ رنگ بلوچ نے جعفرایکسپریس کے دہشت گردوں کی لاشیں مانگیں، دہشت گردوں کی لاشیں بی وائی سی کو کیوں دیں، دہشت گردوں کی لاشیں ان کے ورثا کو دی گئیں، دہشت گردی کے پیچھے کوئی نظریہ نہیں، صرف بھارت ہے۔

”بلوچی ہمارے بھائی اور دل کا ٹکڑا ہیں“

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچی ہمارے بھائی اور دل کا ٹکڑا ہیں، کراچی میں کوئٹہ سے زیادہ بلوچ رہتے ہیں، یہ بلوچستان کو پاکستان سے جدا نہیں کر سکتے، فتنہ الہندوستان بلوچستان کی ترقی کے خلاف ہیں، رستہ دشوار اورطویل ہو سکتاہے، فتح حق کی ہوتی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت نے دوبارہ شوق پورا کرنا ہے تو آزمالے، ہم تیار ہیں، بھارت پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان اور بھارت میں امن نہیں ہوسکتا، مسئلہ کشمیر میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ چین بھی فریق ہے، بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردی کو بطورہتھیار استعمال کر رہا ہے، 24 کروڑ افراد کا پانی بند کرنے کی بات کوئی پاگل ہی کر سکتا ہے۔

ISPR

DG ISPR

اسلام آباد

Inter Services Public Relations (ISPR)

Indian Media Propaganda

DGISPR

Pakistan India Clash 2025

pakistan india war

pak india Ceasefire