اسرائیل کوئی سرحد نہیں جانتا، امریکا کی اجازت سے جہاں چاہتا ہے دراندازی کرتا ہے: ایرانی صدر
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیل پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اسرائیل کوئی سرحد نہیں مانتا، وہ امریکا سے اجازت لے کر جہاں چاہتا ہے دراندازی کرتا ہے۔‘ ایرانی صدر نے واضح کیا کہ ان کا ملک جنگ کو وسعت دینے کا خواہاں نہیں ہے، لیکن اگر کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو ایران بھرپور اور شدید ردعمل دے گا۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ ’اسرائیل جتنا آگے بڑھے گا، ردعمل اتنا ہی سخت اور شدید ہو گا۔ ہم کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کریں گے اور اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔‘
اپنے جوہری پروگرام سے متعلق ایرانی صدر نے دوٹوک مؤقف اپنایا کہ ’ہم جوہری ہتھیاروں کے خواہاں نہیں ہیں اور نہ ہی ایران کا جوہری ہتھیار تیار کرنے کا کوئی ارادہ ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایرانی قوم جارح نہیں ہے۔‘
مسعود پزشکیان نے بتایا کہ ایرانی حکومت امریکا سے اپنے جوہری پروگرام پر بات چیت کر رہی ہے، تاہم ایران توانائی کے مقاصد کے لیے یورینیم کی افزودگی جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ایران کو جوہری توانائی سے فائدہ اٹھانے کا پورا حق حاصل ہے۔‘
Comments are closed on this story.