وفاقی بجٹ میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے، صدر کی وزیراعظم سے گفتگو
صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیرِ اعظم شہبازشریف کی ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر گفتگو ہوئی، اس موقع پر صدر مملکت نے وزیراعطم سے کہا کہ وفاقی بجٹ میں کم آمدنی والے طبقات کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے صدرمملکت کو اپنے حالیہ سرکاری دورہ متحدہ عرب امارات اور وفاقی بجٹ کے حوالے سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں عام آدمی، خصوصاً محنت کشوں اور کم آمدنی والے طبقات کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے۔
آصف زرداری نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار، پینشنرز، مزدور اور پسماندہ طبقات کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، غریب اور کمزور طبقات کی معاونت کے لیے سماجی تحفظ کی اسکیموں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم اور صدر مملکت کے درمیان ملاقات کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔
وزیراعظم سے وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام کی ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام، اراکین قومی اسمبلی سردار شمشیر علی مزاری، عبد القادر کھوسہ اور افتخار نذیر کی الگ الگ ملاقاتیں ہوگئی، ان ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم کی وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام سے ملاقات میں وزارت امور کشمیر گلگت بلتستان و سرحدی امور سے متعلق گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی اراکین قومی اسمبلی سے ملاقاتوں میں متعلقہ حلقوں کے امور پر گفتگو کی گئی۔
Comments are closed on this story.