محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری سے متعلق بڑی پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات سے پیر کے دوران کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بیشتر علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، کشمیر، مری، اور گلیات میں بھی بارش اورپہاڑوں پربرفباری ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری متوقع ہے۔
شمال مغربی بلوچستان میں بھی چند مقامات پر بارش، پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں اسموگ اور دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے سے 15 دسمبر کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ راولپنڈی ،اسلام آباد، پشاور میں بوندا باندی اور مری میں ہلکی بارش ، برفباری کا امکان ہے جب کہ 19 دسمبر سے مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
دھند کے باعث موٹر ویز پر گاڑیوں کا داخلہ بند
دوسری جانب دھند کے باعث موٹر ویز پر گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 4 فیصل آباد سے ملتان تک جب کہ موٹروے ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بند ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث ہو سکتی ہے، روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں، رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔












