خلیل الرحمان قمر نازیبا ویڈیو کیس: ملزمہ کی ضمانت منظور

عدالت نے آمنہ عروج کو 3 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا
شائع 21 جنوری 2026 11:20am

معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کی مبینہ نامناسب ویڈیو وائرل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزمہ آمنہ عروج کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج منصور احمد قریشی نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے ملزمہ کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری تین لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔ ملزمہ آمنہ عروج نے اپنے وکیل کے ذریعے ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی تھی، جس پر عدالت نے قانونی نکات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ سنایا۔

عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ ملزمہ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مبینہ طور پر نامناسب ویڈیو وائرل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ مقررہ مچلکے جمع کرانے کے بعد ضمانت پر رہا کی جائے، جبکہ کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ پر ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ بر س جولا ئی میں معروف رائٹر خلیل الرحمان قمر کی ہنی ٹریپ ہونے کی خبر سامنے آئی تھی، آمنہ عروج نامی خاتون نے خلیل الرحمان کو گھربلا کر ساتھیوں کے ہمراہ تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں لوٹ لیا تھا۔

ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمرکوآمنہ عروج نامی خاتون نے ڈرامہ بنانے کا جھانسہ دیکراپنے گھر بلایا۔ خلیل الرحمان کمرے میں بیٹھے ہی تھے کہ 7 سے 8 مسلح افراد داخل ہوئے۔ان کی آنکھوں پرپٹی باندھی اورتشدد کا نشانہ بنایا۔

ملزمان نے خلیل الرحمان کوگاڑی میں بیٹھایا اورایک کروڑ روپےکا مطالبہ کیا۔ گن پوائنٹ پران سے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے 2 لاکھ 60 ہزاربھی نکلوالے گئے۔ ان سے نقدی، پرس، موبائل اور قیمتی گھڑی بھی چھین لی گئی تھی۔

ایف آئی آرکے مطابق خلیل الرحمان کوکہا گیا کہ تمھیں مارنےکا حکم ہے۔ کلمہ پڑھ لو اورایک فائرپاؤں کےقریب مارا گیا۔آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے ہنی ٹریپ کرنے والی خاتون سمیت چار ملزمان کو پکڑ ا تھا جبکہ استعمال کی گئی گاڑی بھی برآمد کی تھی۔