کراچی والے ہوجائیں تیار، آج بارش کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج ہلکی بارش اور جمعہ سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافے کی پیش گوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم نے بتایا کہ یہ موسمی سسٹم آج رات سے بلوچستان پر اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے جبکہ آج ہی یہ سلسلہ سندھ کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے مغربی اضلاع میں بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی میں بھی آج ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
انجم نذیر کے مطابق شمالی بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے اثرات سندھ اور کراچی تک محسوس کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جمعہ سے کراچی سردی کی لہر کی لپیٹ میں آ جائے گا اور درجہ حرارت دوبارہ سنگل ڈیجٹ میں جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سرد موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔














