چترال میں مکان پر تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق

ایک بچی معجزانہ طور پربچ گئی
شائع 23 جنوری 2026 08:41pm

خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں مکان پر تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک بچی معجزانہ طور پربچ گئی ہے۔

چترال کے دور افتادہ علاقے سریگال دمیل ارندو میں باچا نامی شخص کے مکان پر شدید برفباری کے باعث تودہ گرا جس کے نتیجے میں 10 افراد ملبے تلے دب گئے۔

حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے امدادی کاروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے ملبے سے 9 لاشوں کو نکال لیا جب کہ ایک بچی بھی زندہ نکال لی گئی۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چترال میں برفانی تودہ گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔

صدر نے کہا کہ اللّہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، شدید بارش اور برف باری موسمیاتی ہنگامی صورت حال کی واضح نشانیاں ہیں، موسمی تبدیلیوں کے مطابق نقصانات کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

آصف زرداری نے وفاقی اور صوبائی کو متاثرہ علاقوں میں امدادی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی برفانی تودہ گرنے سے 9 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا ضلع لوئر چترال کے علاقے ڈومیل ارندو میں برفانی تودہ گرنے کے افسوسناک واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں بلا تاخیر تیز کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف کے ساتھ جامع امدادی پیکیج فراہم کیا جائے۔

سہیل آفریدی نے برف باری سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی فوری بحالی کے لیے اضافی مشینری اور عملہ تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ آمدورفت بحال رہے اور عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور ہنگامی اقدامات ہر صورت یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کی۔

واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی چترال کے علاقے ڈومیل میں گھر پر برفانی تودہ گرنے سے 9 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور جاں بحق مرد اور خواتین کے درجات بلندی کی دعا بھی کی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔