سانحہ گُل پلازہ میں لاپتہ شخص کے گھر میں چوری

رپورٹ کرائے تین دن گزر گئے گارڈن تھانے سے کوئی جواب نہیں ملا،اہلخانہ
اپ ڈیٹ 24 جنوری 2026 09:47am

گل پلازا سانحے میں لاپتہ ہونے والے آصف کے گھر میں چوری کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد متاثرہ خاندان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اہلخانہ کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا ہے جس میں انہوں نے اپنی بے بسی اور انتظامی غفلت کا شکوہ کیا ہے۔

اہلخانہ کے مطابق آصف گل پلازا کے سانحے کے بعد سے لاپتہ ہے اور سات روز گزرنے کے باوجود وہ گھر واپس نہیں پہنچ سکا۔ اس دوران اہلخانہ مسلسل آصف کی تلاش میں مصروف رہے، کبھی ڈی سی آفس کے چکر لگاتے رہے اور کبھی سردخانے جا کر معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

ان کے مطابق اسی دوران نامعلوم چور گھر میں داخل ہو گئے اور گھر میں رکھی جمع پونجی اور طلائی زیورات لے کر فرار ہو گئے۔

متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ چوری کے واقعے کے بعد گارڈن تھانے سے رجوع کیا گیا، تاہم تین دن گزر جانے کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اہلخانہ نے شکوہ کیا کہ ایک طرف وہ اپنے لاپتہ عزیز کی تلاش میں دربدر پھر رہے ہیں اور دوسری جانب چوری کے واقعے نے انہیں مزید ذہنی اور مالی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گل پلازا میں پیش آنے والے سانحے کے بعد متعدد افراد لاپتہ یا لاشوں کی شناخت کے مرحلے سے گزر رہے ہیں، جبکہ کئی خاندان اب بھی اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات کے منتظر ہیں۔ اس تازہ واقعے نے سانحے سے متاثرہ خاندانوں کے مسائل اور بڑھا دیے ہیں اور انتظامیہ کی توجہ اور فوری اقدامات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

یاد رہے کہ گل پلازہ کے ساتویں روز بھی سرچ آپریشن جاری ہے، سانحے میں 71 اموات کی تصدیق ہوگئی جب کہ 77 افراد اب بھی لاپتا ہیں، 22 افراد کی ڈی این اے کے ذریعے شناخت ہوچکی ہے۔ دوسری طرف ڈائریکٹر ریسکیو 1122 نے گل پلازہ کے  گراؤنڈ فلور پر بھی لاشوں کے موجود ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے ۔ اس کے علاوہ گل پلازہ کے ملبے سے گولڈ، تجوریاں اور پیسے ملنے کا سلسلہ بھی 7 روز سے جاری ہے۔

کراچی کی اہم شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر واقعہ گل پلازہ کی آتشزدگی کو جمعے کو ایک ہفتہ ہونے کو ہے تاہم جاری ریسکیو آپریشن میں ملبے سے انسانی باقیات ملنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ سینئر فائر افسر ظفر خان کہتے ہیں کہ اب لاشیں نہیں صرف ہڈیاں مل رہی ہیں۔