ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنا ہے یا نہیں، مشاورت جاری ہے: وزیر اطلاعات

بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ زیادتی ہوئی، کسی ایک ملک کو ڈکٹیٹ نہیں کرنے دیں گے، محسن نقوی
شائع 25 جنوری 2026 12:38pm

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت سے متعلق مشاورت جاری ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔

وفاقی وزیر عطا تارڑ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے میں حکومت کی رائے کو فیصلہ کن حیثیت حاصل ہے۔

گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بھی کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے زیادہ اپنی حکومت کے تابع ہے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت یا عدم شرکت کا فیصلہ وزیراعظم کی واپسی کے بعد کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اگر حکومت یہ فیصلہ کرے کہ پاکستان نے ورلڈکپ نہیں کھیلنا تو آئی سی سی کسی اور ٹیم کو شامل کر سکتی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ کسی ایک ملک کو عالمی کرکٹ پر اثر انداز ہو کر فیصلے مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

محسن نقوی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہونے والے سلوک کو نا انصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش کے تحفظات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔

دوسری جانب آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر کر کے اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کے فیصلے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

آئی سی سی نے اپنے باضابطہ اعلامیے میں بنگلادیش کے سیکیورٹی خدشات کو تسلیم کرنے سے انکار کیا، جس پر کرکٹ حلقوں میں تنازع نے شدت اختیار کر لی۔ اس فیصلے کے بعد آئی سی سی پر بھارت نوازی کے الزامات بھی لگائے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق معاملہ آئی سی سی کے بورڈ ممبران کے سامنے بھی رکھا گیا، جہاں سری لنکا سمیت چودہ ممالک نے فیصلے کے خلاف ووٹ دیا، جبکہ بنگلادیش اور پاکستان اپنے مؤقف پر قائم رہے۔

بنگلادیش نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنی حکومت سے بھی رجوع کیا، تاہم وہاں سے بھی سیکیورٹی رسک سے متعلق جواب موصول ہوا۔ اس کے باوجود آئی سی سی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے خدشات کو بے بنیاد قرار دیا اور اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کا اعلان کر دیا۔

بعد ازاں بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے فیصلے کو قبول کر لیا۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق میرپور میں بی سی بی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تنازعے کو مزید طول نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ معاملے کو کسی عالمی فورم پر نہیں اٹھایا جائے گا۔

مجموعی طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے متعلق فیصلوں نے عالمی کرکٹ میں نئی بحث کو جنم دے دیا ہے، جہاں ایک طرف پاکستان اپنی حکومتی پالیسی کا منتظر ہے، وہیں بنگلادیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کیے جانے پر کرکٹ شائقین میں مایوسی پائی جا رہی ہے۔