فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، ایک دہشت گرد ہلاک

خارجی دہشت گردوں سے 4 سے 5 آئی ای ڈیز اور باڑ کاٹنے کا سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے: سیکیورٹی ذرائع
شائع 08 مارچ 2026 03:27pm

پاک فوج نے پاک افغان سرحد چمن سیکٹر پر فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی ہے جب کہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک خارجی دہشت گرد ہلاک جب کہ دیگر زخمی حالت میں فرارہوگئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے سرحدی باڑ کی حفاظت اور دراندازی روکنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ پاک افغان بارڈر پر چمن سیکٹر سے ملحقہ سرحدی علاقے میں 3 سے 4 خوارج پر مشتمل تشکیل کی دراندازی کو پاک فوج نے ناکام بنا دیا ہے۔

پاک فوج نے باڑ کاٹنے والے خوارج کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جب کہ بروقت کارروائی کے دوران ایک خارجی دہشت گرد ہلاک جب کہ دیگر زخمی حالت میں فرار ہو گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ خارجی دہشت گردوں سے 4 سے 5 آئی ای ڈیز اور باڑ کاٹنے کا سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے، پاک فوج کی منظم کارروائی سے دہشت گردوں کے منصوبے خاک میں مل گئے ہیں۔