ایران کا امریکی اور صیہونی جارحیت کے مقابلے میں حمایت پر پاکستان کا شکریہ
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے تناظر میں ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے ایران اور اس کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا ہے جس پر وہ تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر اردو زبان میں جاری پیغام میں کہا کہ وہ اس بابرکت اور روحانی گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے امریکا اور صہیونی حکومت کی جارحیت کے مقابلے میں ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے اس مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑے ہونے کا اظہار دونوں ممالک کے درمیان موجود قریبی تعلقات اور باہمی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کے ساتھ اپنی حاکمیت اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ثابت قدمی اور استقامت کے ساتھ کھڑا ہے۔
اس سے قبل امریکی ٹی وی چینل ’سی بی ایس نیوز‘ کو دیے گئے انٹرویو میں عباس عراقچی نے جاری جنگ کے دوران کئی اہم معاملات پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے نہ تو جنگ بندی کی درخواست کی ہے اور نہ ہی اس وقت امریکا کے ساتھ کسی مذاکرات کی کوشش کر رہا ہے۔
اسی انٹرویو میں انہوں نے ایران میں قید امریکی شہریوں، جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کے مؤقف کا کھل کر اظہار کیا۔ عباس عراقچی نے امریکی صدر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ جنگ امریکا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا انتخاب ہے۔













