عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے پیش نظر کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں: وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شائع 16 مارچ 2026 06:02pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے پیش نظر کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

پیر کو وزیراعظم  شہبازشریف کی زیر صدارت عالمی سطح پر کشیدگی کے پیش نظر ملکی معیشت کے استحکام اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں موجود تیل کے ذخائر، فیول کی مانگ پوری کرنے لے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات اور عوام کو عالمی کشیدگی کے پیش نظر ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے شرکا نے گزشتہ جمعہ کو وزیراعظم کے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کرنے کے فیصلے کو سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ عالمی صورت حال کے پیش نظر عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے مزید اقدامات پر بھی مشاورت جاری ہے، حکومت کے بروقت فیصلوں کی بدولت اس وقت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورت حال کے پیش نظر ملک میں معاشی استحکام قائم کرنے کے لیے بر وقت بنائی گئی کمیٹی کے فیصلوں کی بدولت عوام کے لیے تیل کی مسلسل فراہمی ممکن ہوئی، قومی سطح پر کفایت شعاری اور بچت کے لیے اقدامات کا نفاذ ہو چکا ہے اور مزید پر کام جاری ہے، کفایت شعاری اور بچت کے تمام نافذ العمل اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی ہدایت کی جا چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشی استحکام اور عوام کے لیے ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام اقدامات نہ صرف فوری ریلیف بلکہ طویل مدتی معاشی استحکام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے لیے جا رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے پیش نظر کسی بھی قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی تقسیم کار کمپنیوں کو حکومت کے تعین کردہ نرخوں پر تیل کی فروخت یقینی بنانے اور اس معاملے میں شفافیت برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اب غیر ملکی شہریوں اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے بھی کھل سکے گا، غیر ملکی کمپنیوں کو حکومتی سیکیورٹیز اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں اب تک 9 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کھل گئے، آر ڈی اے کے ذریعے پاکستان میں 12 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ آچکا ہے، مالی سال 2025 میں ترسیلات زر 38.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جب کہ رواں مالی سال ترسیلات زر 42 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ ذخائر تقریباً 16.3 ارب ڈالر ہیں، پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 21.6 ارب ڈالر کے قریب ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا آغاز اسٹیٹ بینک نے 10 ستمبر 2020 کو کیا تھا، حکومت کا مقصد عالمی مالیاتی منڈیوں کے ساتھ پاکستان کا مضبوط رابطہ بڑھانا ہے۔