آج ایران کے کتنے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنائے؟ یو اے ای نے بتادیا
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آج اس نے ایران کی جانب سے فائر کیے گئے 4 بیلسٹک میزائل اور 25 ڈرون حملے فضائی حدود میں ناکام بنائے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اماراتی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فضائی دفاعی نظام نے 22 مارچ 2026 کو 4 بیلسٹک میزائل اور 25 ڈرونز ناکام بنا دیے ہیں، جو ایران کی جانب سے لانچ کیے گئے تھے۔
اماراتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک ایران کی جارحیت کے دوران یو اے ای نے کل 345 بیلسٹک میزائل، 15 کروز میزائل اور 1,773 ڈرون مار گرائے ہیں۔
وزارت دفاع کے مطابق ایرانی حملوں کے نتیجے میں اب تک 2 اماراتی فوجی اور 6 شہری جاں بحق ہوئے، جن کی شہریت پاکستانی، نیپالی، بنگلادیشی اور فلسطینی بتائی گئی ہے۔
اس کے علاوہ حملوں میں 160 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں متعدد ممالک کے شہری شامل ہیں، جن میں یو اے ای، مصر، سوڈان، ایتھوپیا، فلپائن، پاکستان، ایران، بھارت، بنگلادیش، سری لنکا، آذربائیجان، یمن، یوگانڈا، اریٹیریا، لبنان، افغانستان، بحرین، کوموروس، ترکی، عراق، نیپال، نائجیریا، عمان، اردن، فلسطین، گھانا، انڈونیشیا، سویڈن اور تیونس کے شہری شامل ہیں۔
وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی کو کسی بھی خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے مکمل تیاری برقرار ہے اور ریاست کی خودمختاری، استحکام اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی کوشش کا سختی سے مقابلہ کیا جائے گا۔













