ایرانی قونصلیٹ کا پاکستان آئے اپنے صحافیوں پر طنز

ہمیں ہوٹل کی ویڈیوز ایسے بھیج رہے ہیں جیسے یہ کوئی ٹریول ولاگ ہو: ایرانی قونصلیٹ جنرل ممبئی
شائع 11 اپريل 2026 06:59pm

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی سے متعلق نہایت اہم اور حساس مذاکرات جاری ہیں، اسی دوران ایک غیر سنجیدہ مگر دلچسپ معاملہ سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے۔

ممبئی میں واقع ایرانی قونصلیٹ جنرل نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو پوسٹ میں ایران کے صحافیوں پر طنز کیا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

ایرانی قونصلیٹ جنرل نے پوسٹ کے کیپش میں لکھا کہ، ’ایرانی صحافی اسلام آباد میں ایران-امریکا جنگ بندی مذاکرات کے لیے موجود ہیں اور ہمیں ہوٹل کی ویڈیوز ایسے بھیج رہے ہیں جیسے یہ کوئی ٹریول ولاگ ہو!“ اس کے ساتھ ہلکے پھلکے انداز میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ آیا یہ رپورٹنگ ہے یا چھٹیوں کی ویڈیوز؟

کچھ ہی دیر بعد ایرانی قونصلیٹ جنرل کی جانب سے ایکس پر ایک اور ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں ایرانی صحافی نے رپورٹنگ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم بھی رپورٹنگ کرتے ہیں، صرف ریلز نہیں بناتے!

ایرانی قونصلیٹ جنرل ممبئی کے ایکس ہینڈل نے دو ویڈیوز شیئر کی تھیں۔ پہلی ویڈیو میں اسلام آباد میں قائم جناح کنونشن سینٹر دکھایا گیا تھا جہاں دنیا بھر سے صحافی، تکنیکی عملہ اور دیگر حکام اسلام آباد ٹاک کی کوریج کے لیے موجود ہیں۔ دوسری ویڈیو میں اسی مقام کے داخلی حصے یا لابی کا ایک پینورامک منظر پیش کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے تاریخی مذاکرات جاری ہیں۔ ان امن مذاکرات میں شرکت کے لیے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس وفد کے ہمراہ آج صبح اسلام آباد پہنچے جبکہ ایرانی وفد رات کو ہی اسلام آباد پہنچ گیا تھا۔