امریکا ایران کے درمیان دوبارہ مذاکرات کے امکانات اب بھی موجود ہیں: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے مثبت پیش رفت سامنے آ رہی ہے اور آئندہ مذاکرات کے امکانات اب بھی موجود ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جلد شروع ہونے کی توقع ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ حالیہ رابطوں اور بات چیت کے بعد مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اب تک کوئی منفی پہلو سامنے نہیں آیا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے صرف مثبت خبریں ہی موصول ہو رہی ہیں، جو خطے میں استحکام کے لیے خوش آئند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام فریقین بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں کہ کیا آئندہ خطے کے فیصلے پاکستان کرے گا، خواجہ آصف نے کہا کہ فیصلے اللہ تعالیٰ کی ذات کرتی ہے اور وہی بہتر جانتی ہے کہ کیا ہونا ہے۔
بھارت سے متعلق ایک سوال پر وزیر دفاع نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت والے تڑپ رہے ہیں، سڑ گئے ہیں اور وہیں ماتم کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیرِاعظم شہباز شریف بدھ سے دو اہم ممالک کے دورے پر روانہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم 15 اپریل کو سعودی عرب پہنچیں گے جہاں وہ سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے دورے کے بعد وزیرِاعظم ترکیہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے۔ اس فورم میں شرکت کے دوران وزیرِاعظم مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
















