ایران امریکا مذاکراتی کوششیں تیز: فیلڈ مارشل تہران اور وزیراعظم سعودی عرب پہنچ گئے

پاکستان کے اعلیٰ سطح کے دورے خطے میں کشیدگی میں کمی اور مذاکراتی عمل کے فروغ کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
اپ ڈیٹ 15 اپريل 2026 09:51pm

پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں تہران پہنچ گیا ہے جہاں ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں پر بات ہوگی۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف بھی سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں اعلیٰ سطح ملاقاتیں متوقع ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد تہران پہنچ گیا ہے۔ وفد میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ہمراہ ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران آمد پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وفد کا استقبال کیا، فیلڈ مارشل کا دورہ ثالثی کوششوں کا حصہ ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دورہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جاری بین الاقوامی مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی اہم سفارتی کاوشوں کا حصہ ہے۔ وفد ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کرے گا۔

اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ پاکستان کے ذریعے امریکا سے پیغامات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے اورمذاکرات کے تسلسل میں ایران آج پاکستانی وفد کی میزبانی کر رہا ہے۔

اسماعیل بقائی کے مطابق پاکستانی ثالثی کے ذریعے سفارتی رابطے برقرار ہیں اور مکمل جنگ بندی کے حصول کے لیے مزید بات چیت متوقع ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے ذریعے امریکا کے ساتھ بھی پیغامات کا تبادلہ ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان حالیہ عرصے میں مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے اور بالخصوص ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں کلیدی ثالثی کردار ادا کر رہا ہے، جسے عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اعلی سطح وفد کے ہمراہ جدہ پہنچ گئے، جدہ میں وزیرِاعظم کی سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آلسعود سے دو طرفہ ملاقات ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ اور خطے کی صورت حال پرتبادلہ خیال ہوگا۔ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور وزیرِ اعظم کے ترجمان مشرف زیدی شامل ہیں۔

جدہ پہنچنے پر شہزادہ سعود بن مشعال بن عبدالعزیز نائب گورنر مکہ ریجن، سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد کا ایئرپورٹ پر پُرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران سعودی عرب کے بعد ترکیہ اور قطر کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت اور اعلیٰ سطح ملاقاتیں کریں گے۔