پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
پاکستان بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی ہوئی ہے، جہاں فی تولہ سونا 1000 روپے اور 10 گرام سونا 857 روپے سستا ہوگیا ہے۔
عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں گراوٹ کا سلسلہ آج دوسرے دن بھی جاری رہا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوس ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا ایک ہزار روپے سستا ہو گیا جس کے بعد نئی قیمت 5 لاکھ 162 روپے ہو گئی۔ اسی طرح 10 گرام سونا 857 روپے کمی سے 4 لاکھ 28 ہزار 808 روپے کا ہو گیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 10 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد عالمی سطح پر سونا 4,778 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا ہے۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی مندی کا رجحان رہا، جہاں فی تولہ چاندی کی قیمت 59 روپے کم ہو کر 8,358 روپے ہوگئی جب کہ 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 51روپے کی کمی سے 7ہزار 165روپے کی سطح پر آگئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ سفارتی مذاکرات کے باعث سرمایہ کار تذبذب کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے عالمی منڈیوں میں قیمتوں میں استحکام کے بجائے کمی دیکھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے، اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔
















