مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کا طیارہ تباہ ہونے کی اطلاعات، ترجمان کی تردید

ضلع کشتواڑ میں مقامی شہریوں نے دھماکے کی آواز سنی اور جنگل سے گہرا دھواں اٹھتے دیکھا: بھارتی میڈیا
شائع 24 اپريل 2026 07:41pm

مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے جنگلات میں جمعے کے روز ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیوز میں اس دھماکے کو بھارتی فضائیہ کے طیارے کی تباہی سے جوڑا جارہا ہے، تاہم بھارتی فضائیہ نے کسی بھی طیارے کے کریش ہونے کی تردید کی ہے۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ضلع کشتواڑ کی جنگلاتی پٹی ’پَڈر‘ میں جمعے کو پُراسرار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی شہریوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے جنگل سے گہرا دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا ہے، جس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

ان وائرل ویڈیوز کو بھارتی فضائیہ کے طیارے کی تباہی سے بھی جوڑا جارہا ہے، اور دعویٰ کیا جارہا ہے کہ گرنے والے طیارے کو بھارتی ایئرڈیفنس نے تکنیکی مسئلے کے نتیجے میں نشانہ بنایا، تاہم اس حوالے سے کسی بھی دعوے کی تاحال آزاد ذرائع نے تصدیق نہیں کی ہے۔

بھارتی فضائیہ کے ترجمان نے اس حوالے سے جاری بیان میں طیارہ گرنے کی تردید کی ہے اور ان دعوؤں کو غلط قرار دیا ہے۔

ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’چند میڈیا آؤٹ لیٹس اور سوشل میڈیا ہینڈلز یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ کشتواڑ کے قریب بھارتی طیارہ کریش ہوا ہے، تاہم یہ اطلاعات جھوٹی ہیں’۔

کشتواڑ کے جنگلات میں دھماکے کی وجوہات اور جنگل سے اٹھنے والے دھوئیں کی اصل نوعیت اور وجہ کے حوالے سے کوئی معتبر اور حتمی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔