حکومت نے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی ردوبدل کردیا
حکومت نے گزشتہ شب پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے بعد لائٹ ڈیزل بھی مہنگا کردیا جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی کی ہے۔
جمعے کے روز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل کر دیا ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق دیگر پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوئی ہیں تاہم مٹی کا تیل 4 روپے 45 پیسے سستا کردیا گیا ہے۔
جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 360 روپے 76 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 365 روپے 21 پیسے تھی۔
دوسری جانب پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آج حکومت نے لائٹ ڈیزل 17 روپے 3 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا، جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 287 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جب کہ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کیا تھا اور پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا۔
گزشتہ شب پیٹرولیم ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے، جس کا اطلاق یکم مئی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے مقرر کردی گئی۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 6 روپے 51 پیسے کے اضافے کے بعد 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
















