ٹیک آف کے دوران مسافر طیارے نے رن وے پر موجود شخص کو کچل دیا
امریکی ریاست کولوراڈو کے ڈینور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک خوفناک حادثے میں فرنٹیئر ایئرلائنز کا مسافر طیارہ ٹیک آف کے دوران رن وے پر موجود ایک شخص سے ٹکرا گیا، جس کے بعد طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی اور ہنگامی انخلا کرنا پڑا۔ واقعے کی دل دہلا دینے والی کاک پٹ آڈیو بھی سامنے آگئی ہے، جس میں پائلٹ کو کہتے سنا جا سکتا ہے: “ہم نے کسی کو ٹکر مار دی ہے، انجن میں آگ لگ گئی ہے۔”
تفصیلات کے مطابق فرنٹیئر ایئرلائنز کی پرواز 4345 لاس اینجلس جا رہی تھی اور اس میں 224 مسافر اور عملے کے 7 افراد سوار تھے۔ حادثہ جمعہ کی رات تقریباً 11 بج کر 19 منٹ پر پیش آیا، جب ایک شخص حفاظتی باڑ پھلانگ کر فعال رن وے پر پہنچ گیا۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق طیارہ ٹیک آف کی رفتار پکڑ چکا تھا کہ اچانک وہ شخص اس کی زد میں آگیا۔ تصادم کے فوری بعد ایئربس A321neo کے انجن میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس پر پائلٹس نے فوری طور پر ٹیک آف روک دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایئر ٹریفک کنٹرول آڈیو میں پائلٹ کو کہتے سنا گیا ’’ٹاور، فرنٹیئر 4345، ہم رن وے پر رک رہے ہیں، ہم نے کسی کو ٹکر مار دی ہے، انجن میں آگ لگ گئی ہے۔‘‘
بعد ازاں ریڈیو پیغامات میں ایک اہلکار نے صورتحال کی سنگینی بیان کرتے ہوئے کہا، ’’رن وے پر انسانی اعضا موجود ہیں، لگتا ہے طیارہ کسی شخص سے ٹکرایا ہے۔‘‘
مسافروں نے بتایا کہ حادثے کے بعد طیارے کے اندر دھواں بھر گیا اور شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایک مسافر نے امریکی اخبار کو بتایا، ’’جب انجن پھٹا تو مجھے لگا ہم سب مرنے والے ہیں۔ ہر طرف چیخ و پکار تھی، بچے رو رہے تھے اور دھواں تیزی سے پھیل رہا تھا۔‘‘
عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے انجن سے شعلے نکلتے دیکھے جبکہ کچھ مسافروں نے واقعے کو انتہائی خوفناک اور ذہنی صدمے کا باعث قرار دیا۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق تصادم کے وقت طیارے کی رفتار تقریباً 139 میل فی گھنٹہ تھی۔ حادثے کے بعد مسافروں کو پھسلنے والی ہنگامی سلائیڈز کے ذریعے باہر نکالا گیا۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص ایئرپورٹ ملازم نہیں تھا۔ امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ مذکورہ شخص نے جان بوجھ کر حفاظتی باڑ عبور کی اور رن وے میں داخل ہوا۔
ڈینور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مطابق ابتدائی معائنے میں حفاظتی باڑ میں کسی قسم کے شگاف یا نقصان کے آثار نہیں ملے، تاہم متعلقہ رن وے کو تحقیقات مکمل ہونے تک بند کردیا گیا ہے۔
حادثے کے دوران ہنگامی انخلا میں 12 مسافر معمولی زخمی ہوئے جبکہ 5 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں بیشتر مسافروں کو واپس ٹرمینل پہنچا دیا گیا اور متبادل پرواز کا انتظام کیا گیا۔
فرنٹیئر ایئرلائنز نے کہا ہے کہ وہ ایئرپورٹ حکام اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ دوسری جانب نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بھی حادثے کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔













