گرفتاری کے وقت منشیات ڈیلر پنکی سے کیا کچھ برآمد ہوا؟ تفصیلات سامنے آگئیں
کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی میں منشیات فروشی کے مقدمے میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف کیس میں اہم تفصیلات جمع کرائی گئی ہیں۔
پولیس نے عدالت میں ملزمہ سے ہونے والی منشیات کی برآمدگی کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزمہ کے قبضے سے بھاری مقدار میں مہنگی منشیات اور اسے تیار کرنے والا سامان ملا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنکی سے 1540 گرام کوکین اور 5240 گرام بیکنگ پاؤڈر برآمد کیا گیا ہے۔
تحقیقاتی حکام نے اپنی رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ ملزمہ سے 930 گرام ایفی ڈرین ہائیڈرو کلورائیڈ اور 500 گرام کٹیمائن ہائیڈرو کلورائیڈ بھی برآمد ہوا ہے۔
اس کے علاوہ ملزمہ کے پاس سے 330 گرام مکس ہائیڈرو کلورائیڈ کوکین اور ایک بیگ بھی ملا ہے جس کے اندر 1050 گرام ایکٹون موجود تھا۔
پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں یہ اہم نکتہ بھی شامل ہے کہ ملزمہ سے کوکین بنانے میں استعمال ہونے والا 6970 گرام خام مال بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔
عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ برآمد ہونے والی منشیات کی کوالٹی کو جانچنے کے لیے اس کا کیمیکل معائنہ کرایا جائے گا اور اس حوالے سے کیمیکل ایگزامن رپورٹ جلد عدالت میں پیش کی جائے گی۔
پولیس نے برآمد ہونے والی تمام منشیات اور دیگر سامان کو قانونی کارروائی کے لیے کیس پراپرٹی کا حصہ بنا لیا ہے۔

















