ٹِنڈ نے بائیومیٹرک ناممکن بنا دی: مزدور کا حاضری لگانے کے لیے انوکھا جگاڑ
کیا کبھی ایسا ہو سکتا ہے کہ آپ کام پر جائیں اور مشین آپ کی حاضری لگانے سے صرف اس لیے انکار کر دے کیونکہ آپ نے بال کٹوا لیے ہیں؟ بھارت کی ریاست تلنگانہ میں ایک مزدور کے ساتھ بالکل ایسا ہی ہوا، لیکن اس کی ساتھی خاتون نے ایسا دیسی حل نکالا کہ جدید ٹیکنالوجی بھی دھوکہ کھا گئی۔
یہ دلچسپ واقعہ ضلع محبوب آباد کے گاؤں کماٹی پلی میں پیش آیا۔ جہاں منریگا منصوبےکے تحت کام کرنے والے مزدوروں کی حاضری اب فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے لگائی جاتی ہے۔
اس گاؤں کے ایک مزدور سری نواس نے کچھ دن پہلے ایک مذہبی رسم ادا کرتے ہوئے مندر میں اپنے بال نذر کیے تھے، جس کے بعد اس نے مکمل طور پر سر منڈوا لیا۔ جب وہ جمعرات کے دن اپنے گنجے سر کے ساتھ مزدوری کرنے کے لیے کام کی جگہ پر پہنچا تو ایک عجیب و غریب صورتحال پیدا ہو گئی۔
کام کی جگہ پر موجود سپروائزر نے معمول کے مطابق حاضری والی ایپ کے ذریعے اس کا چہرہ اسکین کرنے کی کوشش کی، لیکن ایپ نے سری نواس کو پہچاننے سے ہی انکار کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، وہاں موجود تمام مزدور یہ دیکھ کر شدید الجھن میں پڑ گئے کہ محض بال کٹوانے سے یہ مشین ان کے ساتھی کو کیسے بھول سکتی ہے اور اس کی موجودہ شکل کو پرانی تصویر سے ملانے میں کیوں ناکام ہو رہی ہے۔
صورتحال اس وقت دلچسپ رخ اختیار کر گئی جب ایک خاتون مزدور نے مسئلے کا غیر معمولی حل پیش کیا۔ اس خاتون نے اپنے بال آگے کی طرف کیے اور انہیں سری نواس کے گنجے سر پر رکھ دیا۔ جس کی وجہ سے وہ عارضی طور پر پہلے جیسا دکھائی دینے لگا۔
دوبارہ اسکین کیے جانے پر فیشل ریکگنیشن سسٹم نے فوراً اسے شناخت کر لیا اور اس کی حاضری درج ہو گئی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے، جبکہ کئی افراد نے جدید شناختی نظام کی کارکردگی پر سوالات بھی اٹھائے۔
اس واقعے نے واضح کر دیا ہے کہ اگر ظاہری شکل میں تھوڑی سی بھی تبدیلی آ جائے تو یہ چہرہ پہچاننے والے جدید نظام کس قدر آسانی سے ناکام ہو سکتے ہیں، اور کبھی کبھار ایک سادہ سا دیسی حل بڑی سے بڑی ٹیکنالوجی کو مات دے سکتا ہے۔
















