ویرات کوہلی نے بھارت کیوں چھوڑا؟ ساتھی کھلاڑی کا انکشاف

انہوں نے اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد بیرون ملک منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
شائع 05 جون 2026 10:45am

بھارتی کرکٹ ٹیم اور انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلورو کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کے سابق ساتھی کھلاڑی لیام لیونگسٹن نے ان کی نجی زندگی اور بھارت سے لندن منتقل ہونے کی اصل وجوہات کے بارے میں چند دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔

ویرات کوہلی کی میدان میں جارحانہ کارکردگی سے تو ہر کوئی واقف ہے، لیکن میدان سے باہر وہ ایک نہایت پرسکون، سادہ اور خاندانی انسان ہیں۔ حال ہی میں لیام لیونگسٹن نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ویرات کوہلی میدان میں جتنے جارحانہ نظر آتے ہیں، اصل زندگی میں اتنے ہی دوستانہ مزاج کے مالک ہیں۔

ان کے مطابق ویرات کوہلی بھارت میں ملنے والی ہر وقت کی غیر معمولی شہرت اور لوگوں کی مسلسل توجہ کو زیادہ پسند نہیں کرتے۔ وہ ایک ایسی زندگی چاہتے ہیں جہاں وہ اپنے خاندان کے ساتھ پرسکون ماحول میں وقت گزار سکیں، دنیا گھومیں اور انہیں اپنی مرضی سے بغیر کسی روک ٹوک کے آزادانہ گھومنے پھرنےمیں کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔

لیام لیونگسٹن کا کہنا ہے کہ کوہلی کی ہر حرکت پر کیمرے چوکنا رہتے ہیں اور وہ ہروقت عوام کی نظر وں میں ہوتے ہیں، اسی وجہ سے انہوں نے اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد بیرون ملک منتقل ہونے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ شہرت کی وجہ سے گھر میں بند رہنا بالکل پسند نہیں کرتے۔

اس سے قبل اسٹار کرکٹر کے قریبی واقف کار اور معروف اداکارہ مادھوری دکشت کے شوہر ڈاکٹر سری رام نینے نے بھی ایک یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئےکہا تھا کہ ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ انوشکا شرما کے لیے بھارت میں بے پناہ مقبولیت کی وجہ سے اپنی کامیابیوں سے صحیح معنوں میں لطف اندوز ہونا مشکل ہو گیا تھا، اسی لیے انہوں نے لائم لائٹ سے دور جانے کا فیصلہ کیا۔