فٹبال میچ کے دوران ڈنمارک کے کھلاڑی کو دل کا دورہ

ایرکسن میچ کے 79ویں منٹ میں اچانک سینے کو پکڑتے ہوئے زمین پر گر گئے۔
شائع 08 جون 2026 10:59am

ڈنمارک کے مایہ ناز فٹبال کھلاڑی کرسچن ایرکسن اتوار کے روز یوکرین کے خلاف ایک دوستانہ میچ کے دوران اچانک گراؤنڈ میں گر گئے جس کے بعد میچ کو فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 34 سالہ ایرکسن میچ کے 79ویں منٹ میں اچانک سینے کو پکڑتے ہوئے زمین پر گر گئے۔ جیسے ہی یہ منظر دیکھا گیا، کھلاڑیوں اور آفیشلز میں فوری طور پر پریشانی پھیل گئی اور طبی عملہ فوراً میدان میں پہنچ گیا۔ اس وقت ڈنمارک کو یوکرین کے خلاف 2-1 کی برتری حاصل تھی۔

ڈنمارک فٹبال فیڈریشن نے بعد میں سوشل میڈیا پر بتایا کہ ایرکسن ہوش میں ہیں اور ان کی حالت نگرانی میں ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ وہ طبی دیکھ بھال میں ہیں اور فی الحال ان کی حالت تسلی بخش ہے۔ بعد ازاں انہیں مزید معائنے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایرکسن کچھ دیر کے لیے بے ہوش ہوئے تھے تاہم علاج کے بعد جلد ہوش میں آ گئے اور خود چل کر میدان سے باہر گئے۔ ٹیم کے ڈاکٹر کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے اور ان کا پیس میکر صحیح کام کر رہا ہے۔

فٹبال کی دنیا میں اس واقعے نے سب کو اس لیے زیادہ حیران اور پریشان کیا کیونکہ یہ دوسری بار ہے جب یہ کھلاڑی میچ کے دوران اس طرح گراؤنڈ میں گرے ہیں۔ اس سے پہلے سال 2021 میں ہونے والے یورو کپ کے ایک میچ میں بھی انہیں دل کا دورہ پڑا تھا جہاں طبی عملے نے فوری طور پر ان کے دل کی دھڑکن کو بحال کر کے ان کی جان بچائی تھی۔

اس پرانے واقعے کے بعد یہ خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے کہ شاید وہ اب کبھی دوبارہ فٹبال نہیں کھیل سکیں گے، لیکن انہوں نے اپنے دل میں ایک خاص طبی آلہ ’پیس میکر‘ لگوانے کے بعد شاندار واپسی کی اور مختلف نامور کلبوں کی طرف سے کھیلنا جاری رکھا۔

وہ برینٹ فورڈ اور بعد میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے بھی وابستہ رہے اور اس وقت جرمن کلب وی ایف ایل وولفسبرگ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور اسٹاف میدان میں اکٹھے ہوئے اور صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈنمارک کے کپتان نے کہا کہ سب نے فوری اور ذمہ دارانہ ردعمل دیا اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایرکسن کی حالت بہتر ہے۔

ڈنمارک کے ٹیم ڈاکٹر نے بھی تصدیق کی کہ کھلاڑی کو مزید طبی معائنے کے لیے اسپتال رکھا گیا ہے اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایرکسن نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو بھی پیغام دیا ہے کہ وہ خیریت سے ہیں۔