امریکا میں 'فٹ بال' کو 'ساکر' کیوں کہا جاتا ہے؟

فٹبال کو امریکہ، کینیڈا سمیت کئی ممالک میں ”ساکر“ کیوں کہا جاتا ہے؟ لفظ کی ابتدا 19ویں صدی کے آکسفورڈ سے جڑی نکل آئی۔
شائع 14 جون 2026 01:07pm

فٹبال دنیا بھر میں کروڑوں شائقین کا پسندیدہ کھیل ہے، تاہم 2026 کے مشترکہ میزبان ممالک امریکہ اور کینیڈا میں اسے ایک مختلف نام یعنی ”ساکر“ سے پکارا جاتا ہے۔ یہ لفظ کہاں سے آیا اور کیا اس کے استعمال پر واقعی فٹبال سے محبت کرنے والے ممالک میں اختلاف پایا جاتا ہے؟ اس حوالے سے ایک دلچسپ تاریخی پس منظر سامنے آیا ہے۔

یونیورسٹی آف مشی گن کے پروفیسر اسٹیفن سیزمینسکی کے مطابق، ماضی میں ”ساکر“ کا لفظ کسی تنازع کا باعث نہیں تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ 1960 اور 1970 کی دہائی میں انگلینڈ میں بڑے ہوئے اور اس دوران اس لفظ کو عام طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ بعد میں اس بحث نے انہیں تحقیق پر مجبور کیا کہ ”فٹبال“ اور ”ساکر“ کے درمیان فرق اور تنازع آخر پیدا کیسے ہوا۔

تاریخی معلومات کے مطابق، فٹبال اپنے ابتدائی دور میں ایک ”اشرافیہ“ کھیل سمجھا جاتا تھا۔ 1863 میں انگلینڈ میں فٹبال ایسوسی ایشن بنانے والے زیادہ تر افراد آکسفورڈ کے گریجویٹس اور اعلیٰ تعلیمی اداروں سے تعلق رکھتے تھے۔

اس وقت اس کھیل کو “ایسوسی ایشن فٹبال” کہا جاتا تھا تاکہ اسے ایک اور کھیل ”رگبی فٹبال” سے الگ پہچانا جا سکے۔

سیزمینسکی کے مطابق 1880 اور 1890 کی دہائی میں یونیورسٹیوں کے امیر طلبہ الفاظ کو مختصر کرکے آخر میں ”-er“ لگانے کا رجحان رکھتے تھے۔ اسی طرز پر ”breakfast“ کو ”brekker“ اور ”rugby“ کو “rugger” کہا جانے لگا۔

اسی دور میں ایک نظریے کے مطابق ”association“ کے درمیان سے “soc“ نکال کر اس کے ساتھ ”-er“ جوڑ دیا گیا، جس سے ”soccer“ کا لفظ وجود میں آیا۔ اگرچہ اس بات کی مکمل یقین دہانی نہیں، تاہم آکسفورڈ کے طلبہ کو اس لفظ کے آغاز سے جوڑا جاتا ہے۔

کھیل کے مؤرخ اینڈی مچل کے مطابق 1885 میں انگلینڈ کے مختلف اسکول میگزینز میں ”soccer“ یا “socker” کے استعمال کے شواہد ملتے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ اصطلاح اسی دور میں بول چال میں بھی موجود تھی۔

وقت کے ساتھ ”socker“ کا استعمال ختم ہوگیا جبکہ ”soccer“ برقرار رہا۔ بعد ازاں یہ لفظ مختلف ممالک تک پھیل گیا، جن میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور کینیڈا شامل ہیں۔

امریکہ میں ”football“ سے مراد امریکی فٹبال لیا جاتا ہے، جو رگبی سے متاثر ہو کر تیار ہوا۔ ماہرین کے مطابق یہ کھیل بھی تقریباً اسی دور میں مقبول ہوا جس وقت ”soccer“ کی اصطلاح سامنے آئی۔

برطانوی اخبارات میں بھی ”soccer“ کا استعمال 1980 کی دہائی تک دیکھا گیا، تاہم وقت کے ساتھ برطانیہ میں ”football“ زیادہ عام اصطلاح بن گئی۔

پروفیسر سیزمینسکی کے مطابق یونیورسٹی کلاسز میں امریکی طلبہ اکثر ”soccer“ لفظ استعمال کرنے پر معذرت کرتے ہیں، کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ برطانوی لوگ اس پر حساس ہیں۔ تاہم ان کے مطابق یہ لفظ بھی دراصل انگریزی زبان ہی سے نکلا ہے اور اسے استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں۔