سونا خریدنے والوں کے لیے خوشخبری، فی تولہ قیمت میں زبردست کمی

عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 52 ڈالر کی کمی سے 3ہزار 972ڈالر کی سطح پر آگئی۔
شائع 01 جولائ 2026 03:38pm

ملک بھر میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں گرنے کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی مرتب ہوئے، جس کے بعد فی تولہ سونا 5 ہزار 200 روپے سستا ہو گیا۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 200 روپے کی کمی کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 19 ہزار 636 روپے ہو گئی ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 458 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 59 ہزار 770 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 52 ڈالر کی کمی سے 3ہزار 972ڈالر کی سطح پر آگئی۔

ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں آنے والی کمی کے اثرات براہ راست مقامی صرافہ بازاروں پر بھی پڑے ہیں، جہاں نرخ بین الاقوامی رجحانات کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔

صرافہ بازار کے تاجروں کا کہنا ہے کہ حالیہ کمی کے بعد خریداروں کی دلچسپی میں اضافہ متوقع ہے، کیونکہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سونے کی قیمتیں بلند سطح پر رہنے کے باعث خرید و فروخت کی سرگرمیاں متاثر ہوئی تھیں۔

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر امریکی ڈالر کی قدر، شرح سود، مرکزی بینکوں کی مالیاتی پالیسیاں اور سرمایہ کاری کے رجحانات سونے کی قیمتوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔

جیولرز کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں مقامی مارکیٹ میں بھی سونا مزید سستا ہو سکتا ہے، تاہم بین الاقوامی معاشی حالات میں تبدیلی کی صورت میں قیمتیں دوبارہ بڑھنے کا امکان بھی موجود ہے۔