پاکستان میں سونا اچانک ہزاروں روپے سستا، فی تولہ قیمت کتنی ہوگئی؟
پاکستان میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہوئی ہے، جہاں فی تولہ سونا 2300 روپے اور 10 گرام سونا 1972 روپے سستا ہوا ہے۔
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں پیر کے روز سونے کی قیمتیں گراوٹ کا شکار ہیں، عالمی مارکیٹ کے زیر اثر مقامی صرافہ بازاروں میں آج کاروباری ہفتے کے پہلے دن سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 2300 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 28 ہزار 936 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1972 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 67 ہزار 743 روپے کا ہوگیا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج فی اونس سونے کی قیمت 23 ڈالر کم ہو گئی، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 4065 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی۔
ملک میں چاندی کی فی تولہ قیمت میں 69 روپے کی کمی ہونے سے فی تولہ قیمت 6324 روپے ہو گئی ہے جب کہ 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 59 روپے کی کمی سے 5421 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
صرافہ ڈیلرز کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں آنے والی گراوٹ اور ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی صورت حال اور بین الاقوامی مارکیٹ کے رجحانات آئندہ دنوں میں بھی سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

















